پنجاب اسپتالوں کیلیے خریدی گئی67 دوائیں ناقص قرار

قلب، شوگر، بلڈ پریشر، دمہ سمیت 96 دوائوں کے نمونے برطانوی لیبارٹری بھیجے گئے تھے

تحقیقات کے لیے ہیلتھ ٹاسک فورس قائم، فارما کمپنیوں کے معیارکی ازسرنو جانچ کا فیصلہ فوٹو: فائل

پنجاب حکومت کی طرف سے مختلف اضلاع کے اسپتالوں کو سپلائی کی جانے والی دوائوں کو برطانیہ کی لیبارٹری نے ناقص قرار دے دیا، ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کے سرکاری اسپتالوں کو دوائوں کی سپلائی کیلیے مختلف فارما کمپنیوں سے بڑی تعداد میں96 اقسام کی دوائیں خریدیں جن کا معیار پرکھنے کیلیے نمونے برطانیہ کی لیبارٹری کو بھیجے گئے جن میں سے67 دوائوں کو ناقص اور غیر معیاری قرار دے دیا گیا ہے۔


ذرائع نے بتایاکہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے فوری طور پر ایک ہیلتھ ٹاسک فورس قائم کی ہے جو دوائوں کے معیار کے بارے میں رپورٹ پش کرے گی، ذرائع نے بتایا کہ برطانیہ ٹیسٹ کیلیے بھجوائی گئی دوائوں میں امراض قلب، شوگر، ہائی بلڈ پریشر، جوڑوں کے درد، دمہ اور اینٹی بائیوٹک دوائوں سمیت بچوں کی وبائی امراض کے سیرپ شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کے احکام کی روشنی میں وزارت قومی صحت نے حساس دوائوں کے نمونوں کی جانچ پڑتال کیلیے برطانیہ کی لیبارٹری کے ساتھ معاہدہ کیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے فارما کمپنیوںکے معیار کی ازسرنو جانچ کا فیصلہ کیا ہے۔
Load Next Story