رواں سال سی آئی ڈی نے کالعدم تنظیموں کے 60 ملزمان کو گرفتارکیا

گرفتارملزمان کراچی سے پیسہ جمع کرکے مہمند ایجنسی بھجواتے ہیں ،ایس ایس پی اسلم خان

سی آئی ڈی پولیس نے جمعرات کے روز بھی 2 مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے4 خطرناک دہشت گردوں اورایک ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ہے. فوٹو: فائل

سی آئی ڈی پولیس نے رواں سال کالعدم تنظیموں کے60 سے زائد دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد ، خود کش جیکٹس ، ڈیٹونیٹر، دستی بم ،جدید اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انسداد انتہا پسندی سیل کے سربراہ ایس ایس پی محمد اسلم خان نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سی آئی ڈی پولیس نے رواں سال کالعدم تنظیموں کے 60 سے زائد دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد ، خود کش جیکٹس ، ڈیٹونیٹر، دستی بم ، جدید اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔


انھوں نے بتایا کہ سی آئی ڈی پولیس اورنگی ٹائون بم دھماکوں ، عباس ٹائون ، عبداللہ شاہ غازی مزار ، شاہ لطیف ٹائون ،کمار سینما ، سی ویو ، وائن شاپ اور رمی کلب بم دھماکے سمیت دیگر دھماکوں میں ملوث کالعدم تنظیموں کے گرہوں کو گرفتار کر چکی ہے، انھوں نے بتایا کہ سی آئی ڈی پولیس نے جمعرات کے روز بھی 2 مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے4 خطرناک دہشت گردوں اورایک ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ہے، انھوں نے بتایا کہ سی آئی ڈی پولیس نے خفیہ طلاع پر منگھو پیر روڈ واقع سلطان آباد پہاڑی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے 4 دہشت گرد سعید عبدالجبار عرف آغا ، عارف نواز ، رئیس خان اور اسماعیل کو گرفتار کر کے 3 ٹی ٹی اور ایک نائن ایم ایم پستول اورگولیاں برآمد کر لی ہیں ۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کا تعلق قاری شکیل گروپ سے ہے اور یہ گروپ کراچی میں طالبان تحریک کولاجسٹک سپورٹ مہیا کرنے کے سا تھ ساتھ تاجر برادری سے بھتہ وصولی ، قر بانی کی کھالیں جمع کرنے ، اغوا برائے تاوان اور ڈکیتیوں سمیت سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے ، انھوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد کراچی سے پیسہ جمع کر کے مہمند ایجنسی بھجواتے ہیں ، ایس ایس پی سی آئی ڈی نے بتایا کہ سی آئی ڈی پولیس نے سعید آباد میں 24 مارکیٹ نزد تعمیر بینک کے قریب ایک اور کارروائی کرتے ہوئے متعدد ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ٹارگٹ کلر مشیر احمد صدیقی کوگرفتار کر کے پستول برآمد کرلی۔
Load Next Story