وزیراعلیٰ بلوچستان کا ملک کا نام روش کرنے والے باکسر محمد وسیم کو 5 لاکھ روپے کا انعام

کھلاڑی ملک کے سفیر ہوتے ہیں جب کہ محمد وسیم نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، ثنااللہ زہری

کھلاڑی ملک کے سفیر ہوتے ہیں جب کہ محمد وسیم نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، ثنااللہ زہری- فوٹو: ایکسپریس

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد وسیم کو صوبائی حکومت کی جانب سے 5 لاکھ روپے دیئے اور امریکا میں مقابلے کے اخراجات اٹھانے کا بھی اعلان کیا۔

پاکستان کی جانب سے پروفیشنل باکسنگ ٹائٹل حاصل کرنے والے محمد وسیم نے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری سے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ نے انہیں صوبائی حکومت کی جانب سے 5 لاکھ روپے کا چیک دیا جب کہ امریکا میں مقابلے کے اخراجات اٹھانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر ثنااللہ زہری نے کہا کہ کھلاڑی ملک کے سفیر ہوتے ہیں اور محمد وسیم نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔



اس خبر کو بھی پڑھیں؛ پاکستانی باکسر محمد وسیم نے انٹرنیشنل پروفیشنل سلور ٹائٹل جیت لیا


دوسری جانب عالمی ٹائٹل جیتنے والے فلائی ویٹ باکسر محمد وسیم نے سدرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض سے بھی ملاقات کی، جنرل عامر ریاض نے پاکستان کا نام روشن کرنے پر وسیم کو مبارکباد دی اور انعامات سے نوازا۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے نوجوان باکسرکی انتھک محنت لگن اورشاندار کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محمد وسیم جیسے محنتی اور باصلاحیت نوجوان ہی پاکستان کی اصل اور حقیقی شناخت ہیں جب کہ میں اس طرح کے باصلاحیت نوجوانوں کی صورت میں پاکستان کا شاندار مستقبل دیکھ رہاہوں۔



ادھر قائد اعظم باکسنگ کلب کے کوچ حاجی نادر خان خلجی نے باکسر محمد وسیم کو انٹرنیشنل پروفیشنل باکسنگ میں سلور ٹائٹل جیتنے پر اپنی کلب کی طرف سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ جیت پورے پاکستان کی جیت ہے اور اس کا سہرا ہمارے استاد تمغہ امتیاز استاد عطا محمد کاکڑ کو جاتا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ والدین کی دعائیں شامل رہیں، میری جیت پوری قوم کی کامیابی ہے، باکسر وسیم

واضح رہے کہ محمد وسیم نے چند روز قبل ہی جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں فلپائن کے جیتھر الیوا کو شکست دے کر ورلڈ باکسنگ کونسل کا سلور فلائی ویٹ ٹائٹل اپنے نام کرکے باکسنگ میں پروفیشنل ٹائٹل حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ فلپائن کے باکسر کو شکست دے کر وسیم فلائی ویٹ کیٹیگری کی عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر براجمان ہو گئے ہیں۔
Load Next Story