بیرون ملک ڈبل سنچری کوہلی پہلے بھارتی کپتان بنے

بھارت نے اینٹیگا ٹیسٹ میں 5 وکٹ پر 448رنز جوڑلیے، ایشون 87 پر ناقابل شکست

بھارت نے اینٹیگا ٹیسٹ میں 5 وکٹ پر 448رنز جوڑلیے، ایشون 87 پر ناقابل شکست ۔ فوٹو : فائل

بھارتی ٹیسٹ کپتان ویرات کوہلی بیرون ملک سنچری داغنے والے پہلے بھارتی کپتان بن گئے۔

انھوں نے یہ کارنامہ ویسٹ انڈیز کیخلاف جاری سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن انجام دیا، وہ 200 رنز بناکر شینن گیبرئیل کی گیند پر بولڈ ہوئے،یہ کوہلی کی فرسٹ کلاس میں بھی پہلی ڈبل سنچری ہے۔


ان سے قبل بطور کپتان اگرچہ دھونی (224) ، ٹنڈولکر (217)، سنیل گاوسکر(205) اور منصورعلی خان پٹوڈی (203 ناٹ آؤٹ ) بھی ڈبل سنچریاں بناچکے ہیں، لیکن ان تمام نے یہ کارنامہ ہوم گرؤنڈ پر انجام دیا تھا، یہ انکے کیریئر کا 42 واں میچ اور73ویں اننگز ہے، میچ سے قبل کوہلی کے رنز کی تعداد 2994 تھی، لیکن اب عمدہ پرفارمنس کے بعد ان کے مجموعی رنز کی تعداد 3194 رنز ہوگئی ہے، وہ اب تک 11 سنچریاں اور 12 ففٹیز بھی بناچکے ہیں لیکن پہلی بار 200 کے ہندسے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

اس سے قبل انھوں نے اننگز کی شروعات پر کیریئر کے 3 ہزار رنز مکمل کرلیے، کوہلی نے کیریئرکے تیسرے ہزار رنز محض 20 اننگز میں مکمل کیے ، انھوں نے ابتدائی 1000ہزار رنزبنانے کیلیے 27 اننگز کا سہارا لیا جبکہ دوسرے ہزار رنز انھوں نے 26اننگز کھیل کر جوڑے تھے، اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز میں بطور کپتان پہلے میچ میں یہ کسی بھی بھارتی بیٹسمین کی بہترین کاوش بھی ریکارڈ ہوئی، اس سے قبل ڈریوڈ کے 49 رنزسب سے زیادہ تھے، جو انھوں نے 2006 کے دورے میں بطور قائد اسکور کیے تھے۔میچ کے دوسرے دن بھی آخری اطلاعات آنے تک ویسٹ انڈین بولرز کی بھارتی بیٹسمینوں کے سامنے آزمائش جاری تھی۔

مہمان ٹیم نے 5 وکٹ پر 448 کا مجموعہ ترتیب دے لیا ہے، کپتان کوہلی کی ڈبل سنچری کے علاوہ دھون 84 رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، اجنکیا راہنے کا وکٹ پر قیام مختصر رہا ، وہ محض 22رنز اپنے نام جوڑپائے، روی چندرن ایشون 87 پر ناقابل شکست ہیں، وکٹ کیپر ساہا 22 پر ناٹ آؤٹ ہیں، دیویندرا بشو نے 3 کھلاڑیوں کوٹھکانے لگایا جبکہ شینن گیبرئیل کے حصے میں 2 وکٹیں آئی ہیں۔
Load Next Story