سندھ میں رینجرزکے اختیارات کا معاملہ دبئی میں اہم اجلاس جاری

آصف زرداری کی زیر صدارت اہم اجلاس میں وزیراعلیٰ اور وزیر داخلہ سندھ سمیت دیگر شخصیات شریک

اجلاس میں شرکت کیلیے وزیراعلیٰ سندھ سمیت دیگر صوبائی وزرا دبئی پہنچ گئے۔ فوٹو؛ فائل

سندھ میں رینجرز اختیارات کے فیصلے کے لیے آصف زرداری کی زیر صدارت دبئی میں اہم اجلاس جاری ہے جس میں پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت شریک ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سندھ میں رینجرز اختیارت کے معاملے پر دبئی میں پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری کی زیر صدارت اہم اجلاس جاری ہے جس میں پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وزیر داخلہ سہیل انور سیال، وزیر خزانہ مراد علی شاہ اور مشیر قانون مرتضیٰ وہاب سمیت صوبائی حکومت کی دیگر شخصیات شریک ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ پارٹی قیادت کو کورکمانڈر کراچی سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات بھی بتائیں گے جب کہ اجلاس میں حکومت مخالف تحریک اور آزادکشمیر کے الیکشن میں ناکامی پر بھی بات چیت کی جائےگی۔


اس خبر کو بھی پڑھیں؛ چوہدری نثار کا ڈی جی رینجرز سندھ کو فون، رینجرز کو قانونی تحفظ دینے کی یقین دہانی

دو روزقبل وزیراعلیٰ ہاؤس میں سید قائم علی شاہ سے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے ملاقات کی جس میں نیشنل ایکشن پلان، ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پرعملدرآمد سمیت رینجرزاختیارات پر بھی بات چیت ہوئی تھی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کور کمانڈر کو لاڑکانہ میں رینجرز کی کارروائی سے آگاہ کرتے ہوئے اس پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ نے پارٹی چیرمین بلاول بھٹو زرداری کو کورکمانڈر کراچی سے ہونے والی ملاقات سے آگاہ کیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ کراچی آپریشن؛ رینجرزنے اختیارات میں توسیع نہ ملنے پرآپریشن روک دیا

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے آج دبئی میں پارٹی اجلاس طلب کیا ہے جب کہ پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری بھی وہی موجود ہیں۔
Load Next Story