یونس کا بیٹ رنزاگلنا بھول گیا 6 اننگزمیں ففٹی سے محروم

پاکستانی اوپنرز کی ناکامیوں کا سلسلہ بھی دراز،سیریز میں اب تک18.50 اوسط

انگلینڈ نے رنز کے لحاظ سے مانچسٹر میں پاکستان کیخلاف دوسری بڑی فتح سمیٹی ۔ فوٹو : اے ایف پی

یونس خان کا بیٹ رنز اگلنا بھول گیا، سینئر پاکستانی بیٹسمین12سال میں ناقص ترین فارم کا شکار ہیں، وہ گذشتہ 6ٹیسٹ اننگز میں ایک نصف سنچری بھی اسکور نہ کرسکے، پاکستانی اوپنرز کی ناکامیوں کا سلسلہ بھی دراز ہوگیا، سیریز میں اب تک اوسط 18.50 رہی، دوسری جانب انگلینڈ نے رنز کے لحاظ سے پاکستان کیخلاف دوسری بڑی فتح سمیٹی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینئر پاکستانی بیٹسمین یونس خان 12سال میں ناقص ترین فارم کا شکار ہیں، وہ گذشتہ 6ٹیسٹ اننگز میں ایک نصف سنچری بھی اسکور نہ کرسکے،اس سے قبل ان کی جانب سے کارکردگی میں عدم تسلسل کی ایسی مثال2003 میں دیکھی گئی، انگلینڈ میں پاکستانی اوپنرز کی ناکامیوں کا سلسلہ بھی دراز ہوگیا،سیریز میں اب تک اوسط 18.50رہی ہے،گذشتہ ٹور میں حالت اس سے بھی خراب تھی،اس وقت افتتاحی بیٹسمین 4ٹیسٹ میں صرف 11.62کی ایوریج سے رنز بناپائے تھے، اولڈ ٹریفورڈ میں انگلش ٹیم 330رنز سے سرخرو ہوئی،یہ رنز کے لحاظ سے اس کی پاکستان کیخلاف دوسری بڑی فتح ہے۔


اس سے قبل ٹرینٹ برج ٹیسٹ 2010 میں 354 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی،یاد رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں میزبان نے پاکستان کو تاریخ کا دوسرا بڑا ہدف565 دیا تھا، انگلش بیٹسمین جوئے روٹ ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آگئے ہیں،انھوں نے 325 رنز بنائے۔

عالمی ریکارڈ لارڈز ٹیسٹ 1990 میں بھارت کیخلاف 456 بنانے والے گراہم گوچ کے پاس ہے، اولڈ ٹریفورڈ میں الیسٹر کک نے اپنے کیریئر کی تیزترین ففٹی اسکور کی،انھوں نے 55 گیندوں کا سامناکیا، اس سے قبل اوپنر نے موہالی ٹیسٹ 2007 میں56 گیندوں پر یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔کرس ووئکس نے 8بار اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا،حالیہ سیریز میں انھوں نے4بار بولنگ اسپیل کے آغاز میں ہی پاکستان ٹیم کو نقصان پہنچایا۔
Load Next Story