فرسودہ کہانیوں پر فلمیں بنانے کا دور ختم ہوچکاجاوید شیخ

ہمیں فلم سازی میں جدید ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کرنا چاہیے، اداکار

ہمیں فلم سازی میں جدید ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کرنا چاہیے، اداکار فوٹو: فائل

معروف اداکار و ہدایتکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ فرسودہ کہانیوں پر فلمیں بنانے کا دور ختم ہوچکا ،ہمارے پاس بہت اچھے لکھنے والے موجود ہیں، اب بہترین کہانی کے انتخاب اور جدید ٹیکنالوجی سے ہی کامیابی ممکن ہے۔


یہ بات انھوں نے ایک انٹر ویو کے دوران کہی ۔ جاوید شیخ کا کہناتھا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری کی بحالی کے بعد اگر فلموں نے کامیابی حاصل کی ہے تو اس کی بنیادی وجہ بہترین کہانیوں کا انتخاب ہے ، جو بھی فلمیں بنیں ہیں ان میں ملک کی موجودہ صورتحال اور حالات کو مد نظر رکھا گیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ٹیلی ویژن ڈراموں نے عوام میں یہ شعور ضرور پیدا کیا ہے کہ ہمارے پاس بہترین رائٹر موجود ہیں ۔

جنھوں نے ٹی وی ڈراموں کی کامیابی بھی اہم کردار ادا کیا جس کے بعد ٹیلی ویژن سے فلموں میں آنے والے ڈائریکٹرز نے اسی حکمت عملی کو اپنایا اور کوشش کی کہ ایسے اسکرپٹ کا انتخاب کیا جائے جو معاشرتی مسائل اور ہمارے ارد گرد ہونے والے واقعات کی عکاسی کرتی ہو۔جاوید شیخ کا مزید کہناتھا کہ ہمیں فلم سازی میں جدید ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا ان کی فلم ''وجود'' کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں بہت جلد اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا جائے ،فلم کی بیشتر شوٹنگ پاکستان سے باہر کرنے کا ارادہ ہے کیونکہ اچھی لوکیشن فلم بینوں کو اپنی طرف ضرور متوجہ کرتی ہے۔
Load Next Story