چین میں بارشیں و سیلاب سے ہلاکتیں 164ہوگئیں

صوبہ ہنان اور ہیبے میں سوا 5 لاکھ افراد بے گھر،1 لاکھ سے زائد گھر تباہ، فصلیں شدید متاثر

چین کے شمال مشرقی اور جنوب مغربی علاقوں میں مزید شدید طوفان اور بارشوں کی پیش گوئی فوٹو: رائٹرز

چین کے شمالی اورشمالی مشرقی علاقوں میں شدید بارشوں اور طوفان کے باعث گزشتہ ایک ہفتے میں 164افراد ہلاک جبکہ 125 لاپتہ ہوگئے۔


چین کی وزارت عوامی امور کی جانب سے سیلاب کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں سیلابی صورت حال کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، بارشوں سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہنان اور ہیبے میں 5 لاکھ 14 ہزارافراد بے گھر ہوئے جبکہ ایک لاکھ 25ہزار کو ہنگامی طور پر بنیادی ضروریات زندگی درکار ہے، 1 لاکھ 26 ہزار گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں جبکہ 3 لاکھ44 ہزار گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

سیلاب کے باعث 1.18ملین ہیکٹر رقبے پر موجود فصلیں بھی تباہ ہو چکی ہیں جس کے باعث 31.14 ارب یوآن کے معاشی نقصان کا سامنا ہے، پولیس کو مزید امدادی اور ریلیف آپریشنز کیلیے تیار رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے، دریں اثنا چین کے محکمہ موسمیات نے ملک کے شمال مشرقی اور جنوب مغربی علاقوں میں مزید شدید طوفان اور بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
Load Next Story