کھلنا میں بنگلہ دیش کے لیے فتح کا در کھل گیا

ویسٹ انڈین بیٹسمین اسپنرز کے سامنے بے بس، پہلے ون ڈے میں ٹیم7 وکٹ سے چت

کھلنا: پہلے ون ڈے میں وکٹ کے حصول پر سوہاگ غازی کو بنگلہ دیشی کپتان مشفیق الرحیم کی شاباشی ۔ فوٹو : اے ایف پی

کھلنا میں بنگلہ دیش کیلیے فتح کا در کھل گیا،میزبان نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز کو7 وکٹ سے چت کر دیا، مہمان بیٹسمین اسپنرز کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔

سوہاگ غازی 4 وکٹیں لے کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، وہ ڈیبیو پر بہترین بولنگ کے ملکی ریکارڈ پر بھی قابض ہو گئے، عبدالرزاق نے3 وکٹیں لیں، پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم 199 تک محدود رہی، سنیل نارائن نے سب سے زیادہ36 رنز اسکور کیے، انھوں نے نویں وکٹ کیلیے رامپال کے ساتھ 57 رنز کی شراکت بنائی، جواب میں میزبان نے9.4 اوورز قبل 3 وکٹ پر ہی ہدف حاصل کر لیا، تمیم اقبال اور نعیم اسلام نے نصف سنچریاں بنائیں۔ تفصیلات کے مطابق شیخ ابونصر اسٹیڈیم، کھلنا میں200 رنز کا آسان ہدف دیکھ کر بنگلہ دیشی بیٹسمینوں نے جان پکڑ لی۔




تمیم اقبال اور انعام الحق نے15.1اوورز میں ٹیم کو88 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا مگر پھر دونوں24 رنز کے دوران رخصت ہو گئے،تمیم (58) کو سنیل نے پولارڈ کا کیچ بنوایا جبکہ انعام (41) سیمی کو ریٹرن کیچ دے کر چلتے بنے، ناصر حسین نے 28 رنز کی مختصر مگر کارآمد اننگز سے ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن رکھا،انھیں رسل نے آئوٹ کیا، نعیم اسلام نے کپتان مشفیق الرحیم کے ساتھ مل کر41 ویں اوور میں ٹائیگرز کو ہدف عبور کرا دیا،دونوں بالترتیب 50 اور16 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، قبل ازیں اسپنرز کے سامنے ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کی ایک نہ چل پائی، وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور ٹیم46.5 اوورز میں 199 پر رخصت ہو گئی۔

سنیل نارائن 36، گیل اور براوو 35،35 جبکہ رامپال25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، سوہاگ غازی نے29 اور عبدالرزاق نے 39 رنز کے عوض بالترتیب 4 اور3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔5 میچز کی سیریز کا دوسرا ون ڈے اتوار کو اسی وینیو پر ہوگا۔
Load Next Story