بھارتی ریاست اڑیسہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 36 افراد ہلاک 37 زخمی

بھارتی ریاست آسام اوربہار میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث بھی 50 افراد ہلاک ہوئے، لاکھوں متاثر

یکم اپریل سے 23 جون تک صرف اڑیسہ میں 155 افراد آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوئے۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
بھارت کی مشرقی ساحلی ریاست اڑیسہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 36 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہو گئے جب کہ شمالی ریاستوں میں سیلاب کے باعث 50 افراد ہلاک ہوئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقی ریاست اڑیسہ کے مختلف اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 36 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہو گئے، ہلاک ہونے والوں میں سے زیادہ تر افراد نے بارش کے باعث درختوں کے نیچے پناہ لے رکھی تھی جب کہ کچھ افراد کھیتوں میں کام کر رہے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی گرنے سے بھدرک میں 8، بالیسور اور كھوردھا میں 7، 7 افراد اور میور بھنج میں 6 افراد ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ کٹک، ججپور، سمبل پور، کیونجھر نياگڑھ اور کندرا پارا کے اضلاع میں بھی ہلاکتیں ہوئیں۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: بھارت میں آسمانی بجلی گرنے سے 79 افراد ہلاک

بجلی گرنے کے واقعات کے علاوہ بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں سیلاب سے 26 افراد ہلاک ہوئے جب کہ شدید بارشوں کے باعث ریاست میں 37 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ بھارتی ریاست بہار میں بھی حالیہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 26 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ ریاست کے 10 اضلاع کو سیلاب زدہ قرار دے دیا گیا ہے اور وہاں 25 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں۔

واضح رہے کہ رواں برس یکم اپریل سے 23 جون تک صرف بھارتی ریاست اڑیسہ میں 155 افراد آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوئے۔
Load Next Story