کراچی پولیس اور شہری کی فائرنگ4 ڈاکوہلاک

رضویہ میں لوٹ مارپرکارسوارنے گولی چلادی، 2ڈاکومارے گئے، 2 پستول اورموٹرسائیکل برآمد

گلستان جوہر اورسچل میں پولیس مقابلے، شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ، سیاسی کارکن زخمی فوٹو:فائل

شہر کے 3 مقامات پر پولیس اور شہری کی فائرنگ سے 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے جب کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔

رضویہ کے علاقے ناظم آبا داردو بازار روڈ پرکارسوار افرادنے فائرنگ کرکے 2 افراد کو ہلاک کردیااورفرارہوگئے، پولیس نے اس اطلاع پر موقع پرپہنچ کرلاشوں کوتحویل میں لیا اورعباسی شہید اسپتال منتقل کیا، اس حوالے سے ایس ایچ او ادریس بنگش کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار 2 مسلح ملزمان کارسوارکوروک کر لوٹ مار کررہے تھے کہ اس دوران کارمیں موجودایک شخص نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے، پولیس نے مبینہ2 ڈاکوؤں کی لاشوں کے قریب سے 2 ٹی ٹی پستول اور ایک مسروقہ موٹرسائیکل اپنی تحویل میں لی ہے۔ پولیس کی ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک کیے جانے والے دونوں ڈکیت تھے، جامہ تلاشی کے دوران ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے ان کی شناخت ہوسکے تاہم مبینہ ملزمان کی عمر25سے30سال کے درمیان ہے۔


سچل پولیس نے صدف سوسائٹی نزد جیوانی ہائٹس کے قریب شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے 2 ملزمان سے مقابلہ کیا، ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار محمد عرفان علی زخمی ہوگیا جب کہ جوابی فائرنگ سے 30 سالہ نامعلوم ڈاکو ہلاک اورایک فرار ہوگیا، ایس ایچ او قمر لسکانی نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہلاک کیے جانے والے ڈکیت کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ شاہ فیصل کالونی میں کلمہ چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے سیاسی تنظیم کا کارکن 40 سالہ راحیل قریشی عرف گڈو ولد قدیر شدید زخمی ہوگیا، ڈاکٹروں کا کہناہے کہ راحیل کی حالت تشویش ناک ہے۔

شاہراہ فیصل پولیس نے گلستان جوہر بلاک نمبر12راڈو بیکری کے قریب سکندر حسین نامی شخص و دیگر افرادسے لوٹ مارکے بعد فرار ہونے والے2 ملزما ن کا تعاقب کیا، ملزمان نے اندھادھندفائرنگ کردی، جوابی فائرنگ سے 30سالہ نامعلوم ملزم شدید زخمی ہوگیاجبکہ دوسراملزم فرارہوگیا، پولیس نے زخمی ملزم کوجناح اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔ ایس ایچ او راجا طارق نے بتایاکہ ہلاک ہونے والے ڈاکونے اپنے ساتھی کے ہمراہ بیکری میں گھس کرلوٹ مار کی اورباہرنکل کرسکندرنامی شخص سے موٹرسائیکل چھین کرفرارہورہا تھاکہ پولیس موبائل اچانک مقام پرپہنچ گئی، پولیس مقابلے میں ایک ڈاکوہلاک اوردوسرافرارہوگیا، ملزم کے قبضے سے 5 موبائل فون، ایک ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل برآمدکرلی، ہلاک ہونے والے ڈاکوکی شناخت نہیں ہوسکی۔ اورنگی ٹاؤن پولیس نے اسٹریٹ کرمنل ذیشان شمیم کوگرفتارکرکے اسلحہ برآمدکرلیا۔
Load Next Story