کراچی دہری شہریت پر 6 ارکان سندھ اسمبلی مستعفی
دہری شہریت رکھنے پر 4 صوبائی وزرا سمیت 6 ارکان سندھ اسمبلی مستعفی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مستعفی ہونے والے ارکان اسمبلی نے اپنے استعفٰی جمع کرادیے جو سندھ اسمبلی کو موصول ہوچکے ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر سونو خان بلوچ نے بھی استعفوں کی تصدیق کردی ہے۔
مستعفی ارکان میں ایم کیو ایم کے 4 اور پی پی پی کے 2 ارکان شامل ہیں جن میں سے 4 صوبائی وزرا بھی ہیں۔ ایم کیو ایم کی جانب سے صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی رضا ہارون، صوبائی وزیر برائے کھیل وثقافت محمد علی شاہ، صوبائی وزیرعسکری تقوی اور رکن سندھ اسمبلی عبد المعید صدیقی شامل ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے صوبائی وزیر خزانہ مراد علی شاہ، اور صوبائی وزیر صادق میمن شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق مستعفی وزرا کو مشیر بنائے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیش نے ارکان اسمبلی کو دہری شہریت سے متعلق حلف نامے جمع کرانے کے لئے 30 نومبر تک کی حتمی ڈیڈ لائن دی تھی۔