بھارتی ٹیکسٹائل مصنوعات کی نمائش ’انٹیکسپو‘ ختم

600 مقامی کمپنیوں، 1200 وفود نے اسٹالز کا دورہ کیا، ون ٹو ون بزنس میٹنگز بھی ہوئیں

نمائش کاانعقاد اہم پیشرفت ہے، تعاون جاری رہے گا، صدر کراچی چیمبر، بھارتی وفد لاہور روانہ۔ فوٹو : فائل

کراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے منعقدہ بھارتی ٹیکسٹائل مصنوعات کی دوروزہ سنگل کنٹری نمائش ''انٹیکسپو'' پاکستان ہفتہ کو ختم ہوگئی۔

نمائش کا اہتمام بھارت کی سینتھٹک اینڈریان ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پروموشن کونسل نے کیا تھا۔ کراچی چیمبر کے صدر محمد ہارون اگر نے چیمبر کے اشتراک سے بھارتی ٹیکسٹائل مصنوعات کی سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد کو دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات سمیت دوستانہ تعلقات کے فروغ میں اہم پیشرفت کا باعث قرار دیا۔

انہوں نے بھارتی تاجروں کی جانب سے کراچی چیمبرپراعتماد کے اظہار کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر آئندہ بھی باہمی تعاون کا یہ عمل جاری رکھے گا۔سینئر نائب صدرکے سی سی آئی شمیم احمد فرپور اور نائب صدر ناصر محمود نے نمائش کے اختتام پر بھارتی تاجروں کے ساتھ خیرسگالی جذبے کااظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ چیمبر کے ممبران کے ساتھ بھارتی تاجروں کے کاروباری رابطے مزید فعال ہوں گے۔




بعد ازاں نائب صدر ناصر محمود نے سینتھٹک اینڈریان ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے چیئرمین ونودکمار لاڈیا سمیت بھارتی وفد کو لاہور کیلیے رخصت کیا۔ قبل ازیں انڈین سینتھٹک اینڈریان ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے چیئرمین ونودکمار لاڈیا نے نمائش کے انعقاد میں کراچی چیمبر کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ''انٹیکسپو'' پاکستان نمائش کے انعقاد سے مستقبل قریب میںمثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے پاکستان خصوصاً کراچی میں سیکیورٹی صورتحال کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی تاجریہاں خود کو محفوظ تصور کرتے ہیں، ہمیں امید ہے کہ دونوں ملکوں کے تاجروں کے درمیان دوستی کے اس سفر کو آگے بڑھانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی،نمائش میں بھارت کی 40 سرفہرست کمپنیوں نے اپنی ٹیکسٹائل مصنوعات پیش کیں جبکہ سینتھٹک اینڈریان ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پروموشن کونسل انڈیا کے چیئرمین ونود کمار لاڈیا کے سربراہی میں 60 رکنی وفدنے نمائش میں خصوصی طور پر شرکت کی۔



پاکستان کی تاجر برادری نے بھارتی ٹیکسٹائل مصنوعات میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا، نمائش میں 600 سے زائدپاکستانی کمپنیوں کے نمائندوں نے بھارتی کمپنیوں کے اسٹالز کا دورہ کیااور ٹیکسٹائل مصنوعات کا جائزہ لیا جبکہ 1200 سے زائد تجارتی وفود نے نمائش کا دورہ کیا، انٹیکسپوپاکستان نمائش میں بھارتی اور پاکستانی تاجروں کے درمیان ون ٹوون بزنس میٹنگز کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ کاروباری سودے طے کرنے کے حوالے سے بھی مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی۔
Load Next Story