پی پی ومسلم لیگ کے منشور الگ جذبہ خدمت ایک ہے حلیم عادل

روزگار کیلیے کراچی آئے شہریوں سے حق رائے دہی چھیننا زیادتی ہے،وفد سے گفتگو ۔

فوٹو : اے پی پی/ فائل

مسلم لیگ (ق )سندھ کے جنرل سکریٹری حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ انتخابات میں اسلحہ پر پابندی اچھی روایت ہے مگرکریمنل کبھی اسلحہ کو ظاہر نہیں کرتا اس نے اسلحہ شرٹ کے نیچے یا پھر پینٹ میں لگا رکھا ہوتا ہے۔

جان کی حفاظت کے لیے امیدوار کی سیکیورٹی کا بندوبست کیا جائے یا پھر بتایا جائے کہ انھیں پرائیویٹ گارڈ رکھنے کی اجازت دی جائے گی،ڈپٹی کمشنر کو مجسٹریٹ کے اختیار دیے جائیں، فخرالدین جی ابراہیم ایک غیر متنازع شخصیت ہیں ان کی موجودگی میں شفاف الیکشن استحکام پاکستان کے لیے بہت ضروری ہیں،جن اضلاع میں ووٹر لسٹوں میں رد و بدل کیا گیا یا پھر جغرافیہ بدل چکا ہے۔




وہاں پر منصفانہ حلقہ بندیوں اور شفاف ووٹر لسٹ کے حق میں ہیں ان خیالات کا اظہار انھوں نے مسلم لیگ کے صوبائی سکریٹریٹ میں اندرون سندھ سے آئے ہوئے لیگی عہدیداران ، مظہر دین تنیو ، افضل راجپوت ، علی مراد دل اوردیگر لیگی عہدیداران سے ملاقات کے دوران کیا۔

 

حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کے منشور الگ الگ ہوسکتے ہیں مگر جذبہ قومی خدمت کا ہے، فوج کی نگرانی ضروری ہے مگر فوج کو پولنگ بوتھ کے باہر طواف کی بجائے بوتھ کے اندر کی نگرانی کرنا ہوگی تاکہ دھاندلی یا پھر کسی قسم کے خدشات باقی نہ رہ سکیں۔

انھوں نے کہا کہ جس شخص کاکھانا پینا روزگار یہاں سے وابستہ ہو مگر اس کا تعلق کسی اور شہرسے ہو ایسے آدمی سے اس کا حق رائے دہی کو چھیننا زیادتی ہوگی،شفاف انتخابات ہی مستحکم پاکستان کی ضمانت ہیں۔
Load Next Story