وزیراعظم نوازشریف اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں عمران خان

ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جو دیکھ رہے ہیں کہ ان کے سامنے ملک لوٹا جارہا ہے اور وہ کچھ نہیں کر رہے،چیئرمین پی ٹی آئی

اللہ نے سنہری موقع دیا ہے کہ ملک کو تباہی کی طرف جانے سے بچائیں،چیئرمین پی ٹی آئی۔ فوٹو: فائل

GUJRANWALA/DASKA:
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف پاناما لیکس پر بنائے گئے ٹی او آرز مان گئے تو انہیں پتہ ہے کہ وہ پکڑے جائیں گے جب کہ وہ اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز بھی کھوچکے ہیں۔

اسلام آباد میں پروفیشنل فورم سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاناما لیکس پر نہ وضاحت دیتے ہیں اور نہ ٹی او آرز کو مانتے ہیں، اگرمیں نے کوئی غلط کام نہیں کیا تو انہی ٹی اوآرز پر میں اپنےاحتساب کے لئے تیار ہوں، ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جو دیکھ رہے ہیں کہ ان کے سامنے ملک لوٹا جارہا ہے اور وہ کچھ نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کے لندن میں فلیٹوں سے متعلق سب جھوٹ بول رہے ہیں اور صرف چوہدری نثار سچ بول رہے ہیں کہ 20 سال سے فلیٹ خریدے ہوئے ہیں، جو میاں صاحب کی 4 سال کی انکم ہے اتنا مئے فیئر فلیٹس کا کرایہ ہے۔


چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے پاس اخلاقی جواز نہیں ہےکہ وہ حکومت میں رہیں، ہمیں اللہ نے سنہری موقع دیا ہے کہ ملک کو تباہی کی طرف جانے سے بچائیں، 64 سال کا ہونے والا ہوں اور کوئی شوق نہیں کہ کنٹینر پر چڑھ جاؤں، اگر میں اس کو نہ لے کر چلوں گا تو آہستہ آہستہ یہ معاملہ دبا دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بجٹ کا آدھا حصہ لاہور پرخرچ ہورہا ہے اور70 فیصد پراجیکٹس صرف ایک ہی کمپنی کو دئیے جا رہے ہیں، میگا پراجیکٹس میں سے بڑا چنک نکال کر باہر منتقل کیا جاتا ہے، لاہورآزادی چوک پر200 کروڑ سے زائد کی لاگت سے فلائی اوور بنایا گیا جب کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور میں 83 کروڑ روپے کی لاگت سے فلائی اوور بنایا۔

Load Next Story