عوامی تحریک کاذوالفقارآباد منصوبے کیخلاف ٹرین مارچ کا اعلان

حکمراں ضد چھوڑدیں ورنہ عوام وزراکوحلقوں میں داخل نہیں ہونے دینگے،ایاز پلیجو

حکمراں ضد چھوڑدیں ورنہ عوام وزراکوحلقوں میں داخل نہیں ہونے دینگے،ایاز پلیجو

عوامی تحریک کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس صدر ایاز لطیف پلیجو کی زیر صدارت پلیجو ہائوس میں منعقد ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہاجر صوبہ مہم اور ذوالفقارآباد منصوبے کے خلاف بہت جلد کراچی سے اسلام آباد تک محبت سندھ ٹرین مارچ کیا جائے گا۔


اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ 22 مئی کو سندھ کے بہادر بیٹے اور بیٹیوں نے جان کا نذرانہ دے کر سندھ کی تقسیم کی سازش کا مقابلہ کیا، سندھ کے عوام اور عوامی تحریک 22مئی کے شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ مہاجر صوبے کی طرح سندھ کے عوام ذوالفقار آباد منصوبے کے وجود کو بھی ختم کردیں گے، انھوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے ذوالفقارآباد منصوبے کی ضد نہ چھوڑی تو سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کے کسی وزیر، مشیر اور ایم پی اے کو ان کے حلقوں میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔

عوامی تحریک کے اعلامیے کے مطابق آج (پیر) پلیجو ہائوس میں عوامی تحریک کی قیادت پریس کانفرنس کرے گی جس میں اجلاس سے متعلق مزید تفصیلات بتائی جائیں گی، آن لائن کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ سندھ کی تقسیم کی سازش اور ذوالفقارآباد منصوبے کے خلاف کراچی سے اسلام آباد تک ٹرین مارچ کیا جائیگا، ٹرین مارچ کی حتمی تاریخ کے لیے مشاورت جاری ہے، جلد پریس کانفرنس کے ذریعے اعلان کیا جائے گا۔
Load Next Story