ہیٹ ٹرک کاکارنامہ ہیراتھ پہلے سری لنکن اسپنر بن گئے

تیسری وکٹ ریویو پر ملی، ہم وطن پیسرزوئیسا 17 برس قبل کارنامہ انجام دے چکے

تیسری وکٹ ریویو پر ملی،ہم وطن پیسرزوئیسا17 برس قبل کارنامہ انجام دے چکے ۔ فوٹو : فائل

رنگانا ہیراتھ ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دینے والے پہلے سری لنکن اسپنر بن گئے.


ہیراتھ نے آسٹریلیا سے گال ٹیسٹ کے دوسرے دن یہ اعزاز پایا، لیفٹ آرم بولر کی گھومتی ہوئی لگاتار تین گیندوں پر بالترتیب ایڈم ووجس، پیٹر نویل اور مچل اسٹارک نے پویلین کی راہ لی۔ مچل اسٹارک کیخلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل فیلڈ امپائر رچرڈ کیٹل برو نے مسترد کردی تھی تاہم میزبان ٹیم نے ریویو سے فائدہ اٹھایا، اس طرح 38 سالہ ہیراتھ ٹیسٹ میں ہیٹ ٹرک بنانے والے عمر رسیدہ کھلاڑی بھی بنے۔ ان سے قبل سری لنکن پیسر نووان زوئیسا نے 1999 میں زمبابوے کیخلاف ہیٹ ٹرک بنائی تھی، ہیراتھ اس کارنامے کو انجام دینے والے 38 ویں بولر ہیں۔

تاریخ کی سب سے پہلی ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز آسٹریلیا کے فریڈ اسپوفورتھ کو حاصل ہے، جنھوں نے 2 جنوری 1879 میں انگلینڈ کیخلاف مسلسل تین گیندوں پرحریف پلیئرزکو میدان بدر کیا تھا، پاکستان کی جانب سے وسیم اکرم نے 2 بار یہ کارنامہ انجام دیا، عبدالرزاق اور محمد سمیع کو بھی اس فہرست میں شامل ہونے کا موقع میسر آچکا ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیا سری لنکا کیخلاف کمترین 106 رنز پر آؤٹ ہوا، اس سے قبل کینگروز 16 مارچ 2004 کو کینڈی ٹیسٹ میں 120 پر ڈھیر ہوچکے تاہم حیران کن طور پر ٹیم نے وہ میچ 27 رنز سے جیت لیا تھا۔
Load Next Story