وزیراعظم کا بھارتی فوج کے تشدد سے زخمی کشمیریوں کے علاج کا اعلان

دنیا کے کسی بھی حصے میں زخمی کشمیریوں کےعلاج کے انتظامات کیے جائیں، وزیراعظم کی وزارت خارجہ کو ہدایت

عالمی برادری کشمیریوں کو طبی امدادکی فراہمی کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے،وزیراعظم فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں کے تشدد سے زخمی ہونے والوں کے علاج معالجے اور اس دوران ان کے قیام و طعام کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کردیا ہے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنی آزادی اورحق خودارادیت کے لئے پُرعزم ہیں، بھارت نے ریاستی آپریشن کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو چھلنی کیا، قابض بھارتی فوج نے چھرے والی بندوقوں سے سیکڑوں کشمیریوں کو بینائی سے محروم کیا۔



وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت زخمی کشمیریوں کو طبی امداد تک رسائی کی بھی اجازت نہیں دے رہا، بھارتی فورسز کشمیریوں کو طبی امداد دینے والے اسپتالوں اور ایمبولینسوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلا ف ورزیاں پاکستان کو طبی امدادکے لئے مجبور کررہی ہیں لیکن بھارت اس کی بھی اجازت نہیں دے رہا۔ عالمی برادری زخمی کشمیریوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے پاکستان کی طرف سے اثر و رسوخ استعمال کرے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں سبز ہلالی پرچم اٹھائے نوجوانوں کی ریلی



وزیراعظم نواز شریف نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں زخمی کشمیریوں کے علاج کے انتظامات کیے جائیں، حکومت پاکستان زخمی کشمیریوں کے سفر، قیام، علاج کے اخراجات برداشت کرے گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : بھارتی مظالم کشمیریوں کو خاموش کرانے کی ناکام کوشش

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتی ایک ماہ کے دوران بھارتی فوج کے تشدد سے 75 سے زائد کشمیری جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ ہزاروں زخمی ہیں جن میں سے سیکڑوں مکمل یا جوزی طور پر بینائی سے محروم ہوچکے ہیں۔

Load Next Story