نامی گرامی آسٹریلوی توپیں ڈھائی دنوں میں ہی خاموش

سری لنکا نے غرورخاک میں ملا دیا، گال ٹیسٹ میں229 رنز سے فتح، سیریزمیں2-0 کی حتمی برتری

سری لنکا نے غرورخاک میں ملا دیا،گال ٹیسٹ میں229 رنز سے فتح،سیریزمیں2-0 کی حتمی برتری۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

KHARTOUM:
نامی گرامی آسٹریلوی توپیں صرف ڈھائی دنوں میں ہی خاموش ہوگئیں، سری لنکا نے ورلڈ نمبر ون کا غرور خاک میں ملاتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ میں 229 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن پر فائز آسٹریلیاکو ساتویں نمبر کی ٹیم سری لنکا کے ہاتھوں دوسرے ٹیسٹ میں 229 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ آئی لینڈرز کی 17 برس بعد آسٹریلیا پر پہلی اور مجموعی طور پر دوسری سیریز فتح ہے، تیسرے دن کے کھیل کا آغاز 25 رنز تین وکٹ سے کرنے والے آسٹریلیا کو سب سے پہلے اوپنر ڈیوڈ وارنر کی جدائی برداشت کرنا پڑی، وہ پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے مگر متفق نہ ہوتے ہوئے ریویو لیا، فیصلے پر تھرڈ امپائرکی مہرثبت ہونے کے باوجود ان کی تشفی نہیں ہوئی۔


کپتان اسٹیون اسمتھ 30 رنز پر پریرا کی ہی گیند پر سلوا کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، بیٹ پیڈ کیچ کو پہلے آن فیلڈ امپائر نے تسلیم نہیں کیا مگر سری لنکن ٹیم نے ریویو لے کر خود کو خوشیاں منانے کا موقع دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میچ میں ریفرل کی بھرمار رہی، خود میتھیوز نے پانچ مرتبہ تھرڈ امپائر کو زحمت دی۔

اس سلسلے میں ان کی بہترین کاوش تب سامنے آئی جب امپائر رچرڈکیٹل برو نے لکشن سنداکن کی مچل مارش کیخلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل مسترد کردی تاہم تھرڈ امپائر سندارام روی نے فیصلہ میزبان سائیڈ کے حق میں سنایا، مارش نے 18 رنز بنائے، ایڈم ووجس (28) کو پریرا نے بولڈ کیا، مچل اسٹارک (26) ہیراتھ کی گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ پائے، جوش ہیزل ووڈ (7) کا پریرا نے اپنی گیند پر کیچ لیا جبکہ آخری کھلاڑی پیٹرنویل 24 پر رن آؤٹ ہوئے، اس طرح 413 کے تعاقب میں جانے والی آسٹریلوی ٹیم 183رنز پر آؤٹ ہوگئی،پریرا نے 6 اور ہیراتھ نے دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔

 
Load Next Story