کراچی میں پولیس کا 5 ماہ کے دوران 160مجرموں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

مقابلوں کے دوران ہلاک ہونے والوں میں 52 دہشت گرد، 103 ڈاکو اور 5 اغوا کار شامل تھے، ترجمان آئی جی سندھ

جرائم پیشہ عناصرکے 225 گروہوں کا خاتمہ کیا گیا، پولیس کا دعوی: فوٹو: فائل

SHAHDADPUR:
سندھ پولیس نے شہرقائد میں گزشتہ 5 ماہ کے دوران مختلف کارروائیوں میں 52 دہشت گردوں سمیت 160 مجرموں کو ہلاک جب کہ 913 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔


آئی جی سندھ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کراچی پولیس شہرمیں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ شہرمیں گزشتہ 5 ماہ کے دوران پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہزاروں کارروائیاں کیں، اس دوران 732 پولیس مقابلے ہوئے جن میں 160 مجرم ہلاک اور 913 کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس مقابلوں میں ہلاک ہونے والوں میں 52 دہشت گرد، 103 ڈاکو اور 5 اغوا کار شامل تھے۔

ترجمان کے مطابق کاررروائیوں کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے 225 گروہوں کا خاتمہ کیا گیا ہے، دہشت گردوں اور مجرموں کے قبضے سے 23 خودکش جیکٹس، 102 کلو دھماکا خیزمواد، 12 راکٹ لانچر، 120 دستی بم، 127 کلاشنکوف، 366 شاٹ گن اور 103 ایم پی فائیو سمیت اینٹی ایئرکرافٹ گن، 6 ایل ایم جی، مختلف اقسام کے 2 ہزار 681 پستول اور ہزاروں گولیاں برآمد کی گئیں۔
Load Next Story