عمران خان کا مقصد احتساب نہیں بلکہ وزیر اعظم بننا ہے امیر مقام

پولیس کو سیاست سے آزاد کرنے والوں نے پولیس کو خود اپنی ریلی کی سیکیورٹی پر لگا دیا۔صوبائی صدرمسلم لیگ (ن)

پولیس کو سیاست سے آزاد کرنے والوں نے پولیس کو خود اپنی ریلی کی سیکیورٹی پر لگا دیا۔صوبائی صدرمسلم لیگ (ن)۔ فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیرمقام کا کہنا ہے کہ عمران خان کا مقصد احتساب نہیں بلکہ وزیراعظم بننا ہے اور انہیں پتہ ہونا چاہیے کہ وزیراعظم کام کرنے سے بنتے ہیں صرف شور مچانے سے نہیں۔

پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا تھا کہ چیرمین تحریک انصاف عمران خان وزیراعظم بننے کے خواہش مند ہیں جس کے لئے انہوں نے احتساب کا نام استعمال کرتے ہوئے ریلی کا اہتمام کیا، انہیں معلوم ہونا چاہیئے کہ وزیراعظم عوام کی خدمت کرنے سے بنتے ہیں صرف ریلیاں نکالنے اور شور شرابہ کرنے سے کوئی شخص وزیراعظم نہیں بن جاتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان آج پشاور آئے تو صوبے کی ساری پولیس ریلی میں لگ گئی، پولیس کو سیاست سے آزاد کرنے والوں نے پولیس کو خود اپنی ریلی کی سیکیورٹی پر لگا دیا۔


امیر مقام نے کہا کہ تبدیلی اور کرپشن کے خاتمے کے وعدے کدھر چلے گئے، بلین ٹری منصوبے کا صوبے میں کوئی نام ونشان نہیں جب کہ پی ٹی آئی کے اپنے ممبران کہہ رہے ہیں کہ حکومت کرپشن کر رہی ہے اور وزیراپنی ہی حکومت کے خلاف اشتہارات چھپوا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کا یہ حال ہے کہ عمران خان نے 4 مرتبہ میٹرک اور 4 مرتبہ انٹر میں فیل ہونے والے شخص کو وزیرلگایا، جس طرح شہبازشریف پنجاب میں دن رات کام کرتے ہیں ویسے ہی یہاں بھی ہوں گے، پشاور میں تاریخی جلسہ کیا جائے گا جس میں وزیراعظم شرکت کریں گے جب کہ عوام ملک کی ترقی کے لیے نواز شریف کا ساتھ دیں۔

Load Next Story