چین نے بھی سونے کے ذخائر کا راستہ ڈھونڈ نکالا

10میٹر ویمنز ایئرپسٹل میں پہلا گولڈ میڈل، دوسرے مقابلوں میں گھمسان کی جنگ، پہلے دن کا آسٹریلوی برتری پر اختتام

10میٹر ویمنز ایئرپسٹل میں پہلا گولڈ میڈل، دوسرے مقابلوں میں گھمسان کی جنگ، پہلے دن کا آسٹریلوی برتری پر اختتام۔ فوٹو: آئی این پی

ریو اولمپکس میں چین نے بھی سونے کے ذخائر کاراستہ ڈھونڈ نکالا، 10 میٹر ویمنز ایئرپسٹل میں ژینگ مینگزوئی نے پہلا گولڈ میڈل جتوادیا، دوسرے مقابلوں میں گھمسان کی جنگ جاری ہے، پہلے دن کا سورج آسٹریلوی برتری کے ساتھ غروب ہوا۔

تفصیلات کے مطابق ریو اولمپکس کے دوسرے روز چین نے بھی سونے کے تمغوں پر ہاتھ صاف کرنے کا سلسلہ شروع کیا، پہلا گولڈ میڈل 25 سالہ ژینگ مینگزوئی نے اپنے ملک کو 10 میٹر ویمنز ایئر پسٹل میں دلوایا، انھوں نے اپنی اس شاندار کامیابی کو اپنی والدہ کے لیے برتھ ڈے گفٹ قرار دیا۔ آخری اطلاعات آنے تک دوسرے مقابلوں میں تمغوں کے حصول کیلیے گھمسان کی جنگ جاری تھی۔

دریں اثنا ریو گیمز کے ابتدائی روز کا سورج آسٹریلوی برتری کے ساتھ غروب ہوا تھا جس نے دو سونے اور ایک کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ میک ہارٹن نے مردوں کے 400 میٹر کے فری اسٹائل مقابلوں میں پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا، انھوں نے مقررہ فاصلہ تین منٹ اور 41.55 سیکنڈز میں طے کیا جبکہ ان کے چینی حریف سن یانگ تین منٹ اور41.68 کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔ دوسرا طلائی تمغہ آسٹریلیا کی خواتین ٹیم نے 4x100 میٹر فری سٹائل تیراکی کے مقابلے میں حاصل کیا۔


ہنگری دو طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ امریکا تیسرے، جنوبی کوریا چوتھے اور جاپان پانچویں نمبر پررہا۔ امریکااور جاپان نے مجموعی طور پر سب سے زیادہ پانچ پانچ تمغے حاصل کیے تھے۔ ریو اولمپکس کی اہم بات یہ ہے کہ ویت نام نے اب تک کا اپنا پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا،یہ کارنامہ ہوئینگ نے دس میٹر ایئر پسٹل میں پیش کیا۔میزبان ملک برازیل کو ابتدائی روزکوئی طلائی تمغہ نہیں مل سکا تھا۔ کھیلوں کے پہلے مکمل دن کے اختتام پر 12 طلائی تمغوں کا فیصلہ ہوا۔

روس نے اپنا پہلا طلائی تمغہ جوڈو کے 60 کے جی مقابلے میں حاصل کیا جبکہ بیلجیئم کے گریگ نے مردوں کی سائیکل روڈ ریس میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ ہنگری کی تیراک نے 100 میٹر فری اسٹائل میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔پناہ گزین کی ٹیم کی خاتون تیراک یسریٰ ماردینی نے 100 میٹر بٹرفلائی زمرے میں اپنی ہیٹ تو جیت لی لیکن جو وقت انھوں نے لیا اس کی رو سے وہ آگے کے مرحلے میں جانے سے قاصر رہیں۔

 
Load Next Story