مقبوضہ کشمیرمیں بربریت کی انتہا کرنے والے مودی کشمیریوں سے محبت کا راگ الاپنے لگے

وادی میں چند بھٹکے افراد حالات کی خرابی کے ذمہ دار ہیں لیکن حکومت کشمیرمیں امن کی بحالی کیلئےپرعزم ہے،مودی کانیاراگ

کشمیری بتائیں کہ انہیں اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے لئےکیا درکار ہے بھارتی سرکار انہیں وہ تمام چیزیں فراہم کرے گی۔ مودی کا نیا راگ پاٹ فوٹو: فائل

بھارت گزشتہ 70 برسوں سے نہتے کشمیریوں کا حق خود ارادیت غضب کرکے ان پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور اس دوران اب تک ہزاروں کشمیری جام شہادت نوش اور سیکڑوں خواتین کی عصمتیں پامال ہوچکی ہیں لیکن آزادی کے متوالوں کے عزم میں ذرا سی بھی لغزش نہیں آئی، آزادی کے شعلے کو دبانے کے لیے بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ سے ظلم و بربریت کا نیا شیطانی کھیل شروع کیا ہے جس میں جانوروں کے شکار کے لیے استعمال کی جانے وال چھرا بندوقوں سے نہتے کشمریوں کا شکار کیا جارہا ہے اور اس میں اب تک 75 افراد شہید جب کہ سیکڑوں اپنی بینائی کھو چکے ہیں اور اب ہزاروں مسلمانوں کے خون سے اپنےہاتھ رنگنے والے نریندر مودی کا کہنا ہے کہ ان کے دل میں کشمیریت موجزن ہے۔

مقبوضہ وادی میں برہان وانی کی شہادت کے بعد شروع ہونے والے احتجاج کو دبانے کے لیے قابض بھارتی فوج نے گزشتہ 32 روز سے کرفیو نافذ کررکھا ہے اور اس پورے معاملےمیں بھارتی وزیر اعظم نے مکمل خاموشی اختیار کئے رکھی ، جب معاملہ شروع ہوا تو وہ جنوبی افریقا میں ڈھول بجانے میں مصروف تھے اور جب واپس آئے تو بھی چین کی بانسری بجاتے ہوئے یہی کہا کہ شکر ہے کہ کشمیر میں ہندو یاتری محفوظ ہیں لیکن دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت کے وزیراعظم نے کشمیر کے معاملے پراب لب کشائی کرہی ٖڈالی۔

گجرات میں مسلم دشمنی کی آگ کو پورے بھارت میں بھڑکانے والے مودی نے بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ جمہوریت میں معاملات حل کرنے کے لئے مزاکرات سمیت کئی راستے ہوتے ہیں اور ان کی حکومت سابق وزیراعظم واجپائی جی کے 3 اصولوں انسانیت، جمہوریت اور کشمیریت پر قائم ہے۔


مودی کو شائد یہ یاد نہیں کہ مقبوضہ وادی میں گزشتہ 32 دنوں روز سے کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے وہاں کھانے پینے کی اشیا کی قلت ہے، زخمی کشمیریوں کو علاج کی سہولت بھی میسر نہیں لیکن اس کے باوجود ان کا کہنا تھا کہ ہر بھارتی کشمیر سے محبت کرتا ہے اور ہر کشمیری کو بھارتیوں جتنی ہی آزادی حاصل ہے۔

کشمیریوں کی 4 نسلیں ''ہم کیا چاہتے ہیں ۔ ۔ ۔ آزادی'' اور ''کشمیر بنے گا پاکستان'' کے نعرے لگاتے ہوئے گزر گئی ، کئی نے آزادی کے حصول کے لیے ہتھیار اٹھائے اور اپنی جانیں قربان کردیں، کشمیری عوام کی دیرینہ خواہش کی راہ میں روڑے اٹکانے والے بھارت کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیری بتائیں کہ انہیں اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے لئےکیا درکار ہے بھارتی سرکار انہیں وہ تمام چیزیں فراہم کرے گی۔

مودی کومقبوضہ کشمیر میں نہ قابض بھارتی فوج کی بربریت نظرآئی اورنہ ہی ان درندوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی شہادت مگر انہیں آزادی کی جدو جہد میں مصروف معصوم کشمیریوں کے ہاتھوں میں پتھرضرور نظر آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں چند راہ سے بھٹکے ہوئے افراد حالات کی خرابی کے ذمہ دار ہیں لیکن حکومت کشمیر میں امن کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔
Load Next Story