ہزارہ تحریک کو نوازشریف نے سبوتاژ کیاپرویز الٰہی

کوئی تنہا جماعت ملک کو درپیش مسائل حل نہیں کر سکتی، سیاسی قوتوں کو نیک نیتی دکھانا ہو گی۔

علیحدہ صوبہ اہل ہزارہ کا حق ہے، وعدہ کرتا ہوں یہ حق دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ(ق) کے مرکزی رہنما ونائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ الیکشن سے پہلے بڑی سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے انتخابی اتحاد کرینگے۔

پاکستان کو درپیش مسائل کوئی فرد واحد یا کوئی جماعت تنہا حل نہیں کر سکتی، سیاسی قوتوں کو نیک نیتی کیساتھ مسائل حل کرنا ہوں گے، نواز شریف اور ان کی پارٹی ہزارہ تحریک کو سبوتاژ نہ کرتی تو آج ہزارہ صوبہ بن چکا ہوتا۔ وہ مانسہرہ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔




چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ انتخابات قومی مستقبل کا تعین کریں گے اس لیے عوام دہرے معیار کے لیڈروں کے جھانسے میں نہ آئیں، مسلم لیگ کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہو گی، انھوں نے اعلان کیا کہ ہزارہ صوبہ بن کے رہے گا اور ہزارہ کو اسی طرح کا مثالی صوبہ بنائیں گے جس طرح پنجاب کو 5سال میں ماڈل بنایا تھا۔



ہزارہ وال نے ہمیشہ پاکستان کی جنگ لڑی، علیحدہ صوبہ اہل ہزارہ کا جائز حق ہے، میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ یہ حق دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہزارہ صوبے کیلیے آپ کو سائیکل پر مہر لگانا ہو گی۔ وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ نواز شریف تحریک استقلال کے لے پالک لیڈر ہیں، اصل مسلم لیگی چوہدری شجاعت اور پرویزالٰہی ہیں۔
Load Next Story