وزیراعظم کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط

مقبوضہ وادی میں طاقت کا استعمال اور ماورائے عدالت قتل انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، وزیراعظم نوازشریف

مقبوضہ وادی میں طاقت کا استعمال اور ماورائے عدالت قتل انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، وزیراعظم نوازشریف، فوٹو؛ فائل

MULTAN:
وزیراعظم نوازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو خط لکھ کر مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں بند کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کا استعمال اور ماورائے عدالت قتل انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے لہٰذا مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں بند کرائی جائیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ امریکا کا مقبوضہ کشمیر کے واقعات پر تشویش کا اظہار


وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کی کوشش کی گئی، بھارتی فوج کے ہاتھوں حالیہ دنوں میں 70 سے زائد کشمیری شہید اور 3500 زخمی ہوچکے ہیں جن میں سے 400 سے زائد افراد کی حالت تشویش ناک ہے، بھارتی فوج کے ایسے مظالم قابل قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے برہان وانی کے قتل کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی بندوقوں کے چھروں سے کئی بے گناہ کشمیریوں کی بینائی چلی گئی ہے جب کہ ڈاکٹروں اورطبی عملے کو زخمیوں کے علاج سے بھی روکا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ جولائی میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت سے 74 کشمیری شہید ہوئے

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ کئی ہفتوں سے کرفیوں نافذ ہے اور بھارتی فوج کے مظالم سے 70 سے زائد کشمیری شہید اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں جب کہ پیلٹ گن کے استعمال سے درجنوں افراد اپنی آنکھیں بھی کھو چکے ہیں۔
Load Next Story