سوات میں گاڑی پر فائرنگ سے 4مسافر جاں بحق مہمند میں 2بمبار پھٹ کر ہلاک

پشاورمیں صوبائی وزیرکےگھرکے قریب بم ناکارہ، یکہ توت میں ہلاک ہونیوالے بمباروں کی شناخت،معمرشخص کی لاش برآمد.

باڑہ میں خاصہ داراہلکاروں کے 8رشتہ دار، ہنگو سے اہلکارسمیت5افراداغوا، گھر تباہ، ڈیرہ دھماکے کے الزام میں 12مشتبہ افراد گرفتار۔ فوٹو: فائل

سوات میں مسافر گاڑی پر فائرنگ سے4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ مہمند ایجنسی میں2 شدت پسند بم نصب کرتے ہوئے دھماکے سے ہلاک ہوگئے۔

اتوار کو سوات کی تحصیل کبل میں نامعلوم افراد نے مسافر پک اپ گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سید عرب ، صلاح الدین ، باچا شیر اور امیر رحمن موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا، سکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ ہے، کبل ہی کے علاقہ سربالا میں شرپسندوں نے پرائمری اسکول کو نذر آتش کردیا،کانجو میں پہاڑی سے ایک شخص کی لاش ملی۔




ادھر مہمند ایجنسی کی پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق2 شدت پسند لاٹری پوسٹ کے قریب بم نصب کررہے تھے کہ دھماکے سے خود ہی نشانہ بن گئے، جائے وقوع سے4 ٹانگیں ملی ہیں۔ پشاور پولیس نے ترناب فارم کے قریب صوبائی وزیر زراعت ارباب ایوب جان کے گھر کے قریب موٹرسائیکل میں نصب6کلو بم ناکارہ بنا دیا۔

یکہ توت میں ہفتہ کی رات ہلاک ہونیوالے2 بمباروں کی شناخت امجد اقبال اور محمد صادق رحیم کے طور پر ہوئی ہے،امجد اقبال ایم پی اے عالمزیب شہید پر حملہ کے جرم میں8ماہ قیدکاٹ چکا تھا،تہکال سے معمر شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، شبقدر میں پولیس موبائل وین پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔



باڑہ سپاہ سے شدت پسندوں نے خاصہ دار فورس اہلکاروں کے8 رشتے داروں کو اغوا کرلیا جبکہ خاصہ دار فورس کے ایک اہلکارکے گھرکوبارودی مواد سے اڑا دیاگیا، ہنگو سے پولیس اہلکار سمیت5 نوجوانوں کواغوا کرلیا گیا، ڈیرہ پولیس نے نویں محرم الحرام کے موقع پر دھماکے کے الزام میں 12مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔
Load Next Story