رحمان ملک امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دینے کیلئے بلوچستان اسمبلی نہ پہنچ سکے
وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی عدم شرکت کے باعث بلوچستان اسمبلی کا اجلاس کل شام تک کے لئے ملتوی کردیا گیا ۔
بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر آغا مطیع اللہ کی سربراہی میں شروع ہوا۔ آج کے اجلاس کا ایجنڈا صرف وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی جانب سے ارکان اسمبلی کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر ان کیمرا بریفنگ پر مشتمل تھا۔ رحمان ملک کی عدم شرکت کے باعث اسمبلی اجلاس تلاوت قرآن پاک کے فوری بعد کل شام تک کے لئے ملتوی کردیا گیا ۔
اجلاس ملتوی ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مطیع اللہ آغا نے کہا کہ وزیر داخلہ رحمان ملک نے ناگزیر وجوہات کی بنا پر آج کے اجلاس میں شرکت سے معذرت کی ہے اس لئے اجلاس کل شام تک کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے دیئے گئے فیصلے کی تشریح غلط کی جارہی ہے۔ فیصلے میں عدالت نے کہیں بھی موجودہ حکومت یا اسمبلی کے خاتمے کی بات نہیں کی ۔ امن و امان کی صورت حال پورے ملک میں خراب ہے ، بلوچستان میں بھی امن کے قیام کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسپیکر اسمبلی اسلم بھوتانی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد صوبائی حکومت کی موجودگی کے جواز پر تحفطات کا اظہار کرتے ہوئے آج کے اجلاس میں بھی شرکت سے انکار کردیا تھا جس کے بعد اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر آغا مطیع اللہ کی سربراہی میں ہوا۔