پاکستانی اہم شخصیات کی بڑی تعداد دہلی جائے گی

پی سی بی نے700 ٹکٹیں مانگ لیں، صدر پاکستان کولکتہ کا میچ دیکھیں گے، بھارتی میڈیا

پاکستانی شائقین کے قیام کی ہوٹلز میں پولیس رپورٹنگ ڈیسک قائم کی جائے گی. فوٹو: فائل

PESHAWAR:
پاکستانی اہم شخصیات کی بڑی تعداد سیریز کا آخری ون ڈے میچ دیکھنے کیلیے دہلی جائے گی،6 جنوری کو شیڈول مقابلے کیلیے پی سی بی نے بھارتی بورڈ سے700 ٹکٹیں طلب کر لی ہیں۔

یہ شائقین کیلیے مختص ایک ہزار ٹکٹوں سے الگ ہیں، دیگر میچز کے مقابلے میں پی سی بی یہاں کے مقابلے کی زیادہ ٹکٹوں کا طلبگار ہے، دارلحکومت آنے والوں میں وزرا، مشہور شخصیات اور بزنس مین شامل ہوں گے، بھارتی میڈیا کے مطابق صدر پاکستانی آصف علی زرداری دوسرا ون ڈے دیکھنے کیلیے کولکتہ جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔



ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ نے میزبان ایسوسی ایشنز کو ہدایت جاری کر دی کہ میچز کے دوران پاکستانی مہمانوں کیلیے بہترین نشستیں مختص کرتے ہوئے کھانے پینے کی اشیا کی متواتر فراہمی یقینی بنائی جائے۔


پی سی بی کی درخواست پر 5 میں سے 4میچز کی ایسوسی ایشنز 50 وی آئی پی ٹکٹس الگ رکھیں گی جبکہ دہلی کیلیے یہ تعداد دگنی ہے، پاکستانی بورڈ وی وی آئی پی باکس میں 30، اسٹیڈیم کے سب سے مہنگے اسٹینڈ میں 50 جبکہ فیروز شاہ کوٹلہ کے جنرل اسٹینڈ کی 500 ٹکٹیں بھی چاہتا ہے۔



یوں یہ تعداد680 تک پہنچ جائے گی، بی سی سی آئی نے میزبان ایسوسی ایشنز سے یہ بھی کہا کہ خاص مہمانوں کیلیے کار پارکنگ کا بھی اچھا انتظام کیا جائے۔ دریں اثنا ہوم منسٹری نے بھارتی بورڈ سے پاکستانی شائقین کے قیام کی ہوٹلزکے نام اور روم ریٹ کی تفصیلات مانگی ہیں۔

ان تمام مقامات پر پولیس رپورٹنگ ڈیسک قائم کی جائے گی، اس سے وہ پولیس اسٹیشن جانے کی زحمت سے بچیں گے جبکہ باآسانی نظر بھی رکھی جا سکے گی،ٹیم ہوٹلز میں کسی شائق کو قیام کی اجازت نہیں ہوگی۔
Load Next Story