پروٹیزنے آسٹریلیا کو مسلسل دوسری سیریز ہراکر ریکارڈ بنادیا

دودہائیوں بعدپہلاموقع، پرتھ میں رنز کے اعتبار سے میزبان کوبدترین شکست ہوئی

اس سے قبل 1970 کے پورٹ ایلزبتھ ٹیسٹ میں پروٹیز نے 323 رنز سے فتح پائی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو ابتدائی دونوں ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد پرتھ میں 309رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیریز1-0 سے اپنے نام کی۔

یہ دو دہائیوں بعد آسٹریلیا کو کسی حریف کی جانب سے اسی کی سرزمین پر لگاتار دوسیریز میں شکست کا پہلا موقع ہے، اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے1988-89 اور پھر 1992-93 کے ٹورز میں آسٹریلیا کو مات دی تھی، 1988-89 کے بعد سے آسٹریلیا نے 40 ہوم سیریز کھیلیں جس میں سے 31 میں کامیابی ملی جبکہ چار برابر رہیں اور محض پانچ میں شکست کا سامنا رہا۔




اس میں ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ سے 2،2اور انگلینڈ سے 2010-11 میں ایک سیریز میں ناکامی شامل ہے۔ رنز کے اعتبار سے بھی آسٹریلیا کی یہ بدترین شکست ہے جبکہ یہ جنوبی افریقہ کی کینگروز کیخلاف بڑے مارجن سے دوسری بڑی کامیابی بنی۔

اس سے قبل 1970 کے پورٹ ایلزبتھ ٹیسٹ میں پروٹیز نے 323 رنز سے فتح پائی تھی، مجموعی طور پر یہ جنوبی افریقہ کی رنز کے اعتبار سے آٹھویں بڑی کامیابی بنی،مچل اسٹارک نے 10ویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 68رنز ناٹ آئوٹ بنائے جو اس پوزیشن پر کسی بھی آسٹریلوی بیٹسمین کے زیادہ اسکور میں ساتواں نمبر رہا، اس سے قبل لاسن نے لارڈز میں 1989 میں 74رنز بنائے تھے، پرتھ میں یہ کسی بھی اختتامی بیٹسمین کی بہترین کاوش ہے۔
Load Next Story