اب احتساب ریلی تب ہی رکے گی جب احتساب ہوگا عمران خان

نوازشریف ریلی کو لاہور آنے سے روک لیں اگر ہم لاہور پہنچ گئے تو انہیں جدہ جانے کا وقت نہیں ملے گا، چیرمین تحریک انصاف

نوازشریف ریلی کو لاہور آنے سے روک لیں اگر ہم لاہور پہنچ گئے تو انہیں جدہ جانے کا وقت نہیں ملے گا، چیرمین تحریک انصاف، فوٹو؛ ایکسپریس

LAHORE:
چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے انصاف کے لیے تمام دروازے بند کردیئے ہیں اب احتساب ریلی تب ہی رکے گی جب احتساب ہوگا۔



احتساب ریلی کے دوران مختلف مقامات پر کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ حکومتی اداروں نے اپنا کام صحیح طرح سے نہیں کیا جب کہ پاناما پرجواب دینے کے بجائے حکومت اپوزیشن کونہ صرف دھمکیاں دے رہی ہے بلکہ خریدنے کی کوشش بھی کررہی ہے جس پر سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انصاف کے تمام دروازے بند کردیئے اور منہ بند کرنے کے لیے بلیک میل کرنا شروع کردیا ہے لیکن ہم نے تحریک احتساب کا آغاز پشاور سے کردیا ہے اور اگلے لائحہ عمل آج کروں گا کہ لاہور کب جانا ہے۔






عمران خان نے کہا کہ کہا جارہا ہے کہ میں سب کچھ اقتدار کے لیے کررہا ہوں لیکن ہم صرف انصاف مانگ رہے ہیں اور جب تک ادارے انصاف نہیں دیں گے تو پر امن احتجاج ہوگا، پرامن احتجاج جمہوریت کا حسن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتنی زیادہ کرپشن ہوگی اتنی ہی جمہوریت کمزور ہوگی، میری جدوجہد کرپٹ اسٹیٹس کو کے خلاف ہے۔

چیرمین پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن اور نیب کے دفاتر کے سامنے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک کو کرپشن سے پاک کریں گے، دنیا کی کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے پیسہ چوری ہورہا ہے اور عوام کا پیسہ عوام پر خرچ نہیں ہورہا، نوازشریف ملک کے سب سے بڑے ٹیکس چور ہیں ہم ان سے 5 ماہ سے جواب مانگ رہے ہیں، اب احتساب ریلی تب ہی رکے گی جب احتساب ہوگا۔



عمران خان نے کہا کہ پشاور سے شروع ہونے والی احتساب تحریک اب لاہور جائے گی، نوازشریف خود کو احتساب کے لیے پیش کردیں اور ہمیں لاہور پہنچنے سے روک لیں اگر احتساب ریلی لاہور پہنچ گئی تو نوازشریف کو جدہ جانے کا بھی وقت نہیں ملے گا۔

Load Next Story