وزیراعلیٰ پنجاب کی سچ بیانی

آج وطن عزیز انتہا پسندی اور اس کے بطن سے پیدا ہونے والی دہشت گردی کا شکار ہے

پاکستان کو ایک متمدن اور ماڈریٹ ریاست بنانے کے لیے اسی ویژن کو لے کر چلنے کی ضرورت ہے جس کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب نے کیا ہے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام یوم آزادی کے حوالے سے لاہور کے ایک بڑے ہوٹل میں ''میری شان پاکستان'' کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے ملک پر یکے بعد دیگرے لگنے والے مارشل لاء کو ملکی ترقی کی راہ میں اصل رکاوٹ قرار دیا ہے اور کہا ہے اگر ہم اسی کی دہائی میں نام نہاد جہاد میں ملوث نہ ہوتے تو آج پاکستان ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک ہوتا۔

وزیر اعلیٰ نے تسلیم کیا کہ گزشتہ 70 سال کے دوران ہم نے بہت سی غلطیاں بھی کیں لیکن ہمارے دامن میں اچیومنٹس بھی ہیں اب ہمیں ایسا لائحہ عمل طے کرنا ہے کہ ان غلطیوں کا اعادہ نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہمیں انصاف کی بنیاد پر اپنے 70 سالہ سفر کا تجزیہ اور احتساب کر کے خامیوں کو دور کرنا ہے اور سب سے اہم کام ملک کو عدم برداشت کے رویوں سے پاک کرنا ہوگا۔


وزیراعلیٰ پنجاب نے صاف گوئی اور حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض پنجاب ہی نہیں بلکہ پاکستان کے مسائل کی اصل جڑ کا ذکر کر دیا ہے، بلاشبہ پاکستان کو مارشل لاء نے نقصان پہنچایا اور انھی کی بدولت پاکستان کو افغانستان کی دلدل میں اتارا گیا جس کی وجہ سے آج وطن عزیز انتہا پسندی اور اس کے بطن سے پیدا ہونے والی دہشت گردی کا شکار ہے۔

جناب شہباز شریف مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کا حصہ ہیں، وہ شاید پہلے لیڈر ہیں جنہوں نے اتنی واضح انداز میں سچائی بیان کی ہے، بہرحال یہ بات درست ہے کہ اپنی غلطیوں کا تجزیہ کر کے آگے بڑھا جائے، پاکستان کو ایک متمدن اور ماڈریٹ ریاست بنانے کے لیے اسی ویژن کو لے کر چلنے کی ضرورت ہے جس کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب نے کیا ہے۔
Load Next Story