مرغی آلو مہنگے ہونے کے باوجود افراط زر 018 فیصد کم

گزشتہ ہفتے ملک میں مرغی کی اوسط قیمت3.40 فیصدکے اضافے سے 129.27 روپے فی کلوگرام ہو گئی، رپورٹ

گزشتہ ہفتے ملک میں مرغی کی اوسط قیمت3.40 فیصدکے اضافے سے 129.27 روپے فی کلوگرام ہو گئی، رپورٹ فوٹو: ایکسپریس/فائل

ملک میں گزشتہ ہفتے مرغی اور آلو کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود افراط زر کی شرح میں 0.18 فیصد کمی ہوئی۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 11ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 10اشیا کی قیمتوں میں نسبتاً زیادہ کمی کے باعث 12 اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا افراط زر پر اثر نہیں پڑا اور مہنگائی کی شرح ہفتہ وار بنیادوں پر 0.18 فیصد کم ہوگئی تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی میں 1.89 فیصد کا اضافہ ہوا۔


رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ملک میں مرغی کی اوسط قیمت3.40 فیصدکے اضافے سے 129.27 روپے فی کلوگرام ہو گئی، آلو کی قیمت1.86 بڑھ کر38.86 روپے فی کلوگرام اور انڈے کی 1.49 فیصد کے اضافے سے 95.30 روپے فی درجن ہوگئی، اس کے علاوہ لاہور نمک (پاؤڈرکھلا)، گڑ، دال مسور، دال ماش، بکرے کے گوشت، اری 6چاول، گندم، گیس چارجز اور ویجیٹیبل گھی (کھلا/تھیلی) کی قیمتیں بھی بڑھیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 10اشیا کے نرخ کم ہوئے جن میں ٹماٹر کی قیمت16.94 کی کمی سے 60.86 روپے فی کلو، کیلے5.99 فیصد کمی سے 73.64 روپے فی درجن اور ایل پی جی گھریلو سلنڈر 0.83 فیصد کمی سے 878.82 روپے کا ہوگیا، اس کے علاوہ لہسن، دال ماش، دال مونگ، پیاز، چینی، سرخ مرچ پسی ہوئی (کھلی) اور آٹے کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی جبکہ باسمتی چاول، سادہ بریڈ، گائے کے ہڈی والے گوشت سمیت 31 اشیا کے نرخ برقرار رہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ ہفتے 8تا12ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کے علاوہ تمام انکم گروپ کے لیے افراط زر میں کمی ہوئی، 8 تا12ہزار روپے کمانے والوں کے لیے گزشتہ ہفتے 1.22 فیصد کا اضافہ ہوا۔

 
Load Next Story