سرکلر ریلوے منصوبہ متاثرین کی تجاویز جائیکا کو بھجوائینگے شیرخان

50ہزار روپے ادائیگی کے بجائے 80گز کے پلاٹ پر مکان تعمیر کردیا جائے، متاثرین۔

کراچی سرکلر ریلوے کی زمین پر بڑے پیمانے پر تجارتی اور رہائشی تجاوزات قائم ہیں فوٹو: فائل

کراچی اربن ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر شیرخان حیات نے کہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کے متاثرین کی جانب سے نوآبادکاری سے متعلق پیش کردہ تجویزکہ انھیں50ہزار زرتلافی کے بجائے80گز کا مکان تعمیر کرکے دیا جائے۔


جاپان انٹرنیشنل کارپوریشن ایجنسی کو بھجوائی جائیگی تاکہ نوآبادکاری کا معاملہ باہمی مشاورت سے باآسانی طے کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کی نوآبادکاری کیلیے منعقدہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں متاثرین کے وفد، کے یو ٹی سی اور دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، منصوبے سے متاثرہ ڈیڑھ سو افراد پر مشتمل وفد نے اجلاس میں کہا کہ متعلقہ ادارے نے ان کی نوآبادکاری کیلیے80 گزکا پلاٹ اور50 ہزار روپے نقد ادائیگی کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

تاہم متاثرین کی درخواست ہے کہ انھیں 50ہزار روپے نقد ادائیگی نہ کی جائے بلکہ80گز کے پلاٹ پر مکان تعمیر کرکے دیدیا جائے، اس موقع پر ایم ڈی کے یو ٹی سی نے وفد کو اپنے تعاون کا مکمل یقین دلایا، انھوں نے کہا کہ جائیکا کے وفد سے دیگر امور کے ساتھ ساتھ نوآبادکاری کے معاملے پر بھی بات چیت ہوگی، واضح رہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کی زمین پر بڑے پیمانے پر تجارتی اور رہائشی تجاوزات قائم ہیں تاہم متعلقہ ادارے نے صرف رہائشی مکینوں کی نوآبادکاری کیلیے فیصلہ کیا ہے، منصوبہ بندی کے تحت 4ہزار 653متاثرین کو 50ہزار نقد اور جمعہ گوٹھ میں 80 گز کا پلاٹ دیا جائیگا۔
Load Next Story