بھارت میں ایک اور پاکستان بننے والا ہے سراج الحق

مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک پاکستان نا مکمل ہے، امیر جماعت اسلامی

بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور انھیں خق خود ارادیت سے روکا جا رہا ہے، سراج الحق. فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ بھارت میں ایک اور پاکستان بننے والا ہے۔

آزاد کشمیر کے شہر میر پور میں بھارت کے یوم آزادی پر منعقد یوم سیاہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر میں ظلم کی انتہا کر رکھی ہے، کشمیری عوام کو ان کے حق خود ارادیت سے روکا جا رہا ہے، ان پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور گزشتہ ماہ سے اب تک 80 کے قریب افراد کو شہید، سیکڑوں کو معزور اور ہزاروں کو زخمی کیا جا چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی حقوق کا نام نہاد چیمپئن امریکا بھی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم پر خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: بھارت کے یوم آزادی پر مقبوضہ وادی میں یوم سیاہ

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے باوجود عوام کی بڑی تعداد بھارت کے خلاف مظاہرہ کر رہی ہے اور بھارت سے آزادی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک پاکستان نا مکمل ہے اور بہت جلد مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگا جب کہ بھارت میں بھی ایک نیا پاکستان بننے والا ہے۔

Load Next Story