کراچی کے انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ڈوگ شو کا اہتمام کوئی پوچھنے والا نہیں

کروڑوں روپے کی ٹرف ہاکی کھیلنے کے لئے لگوائی گئی ہے ڈوگ شو کے لئے نہیں، سیکرٹری اسپورٹس

کروڑوں روپے کی ٹرف ہاکی کھیلنے کے لئے لگوائی گئی ہے ڈوگ شو کے لئے نہیں، سیکرٹری اسپورٹس. فوٹو:فائل

سندھ کے نوجوان وزیرکھیل محمد بخش مہر پش اپس لگا کر پنجاب کے وزیرکھیل کو چیلنج تو کرتے ہیں لیکن انہیں اپنے صوبے میں کھیلوں اور کھیلوں کے میدانوں کے ساتھ ہونے والے کھلواڑ سے لاعلم ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے کراچی کے عبدالستار ایدھی انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ڈوگ شو کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوان اپنی موٹرسائیکلیں ہاکی اسٹیڈیم کی آسٹرو ٹرف پر دوڑاتے رہے۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے لگائی گئی قیمتی آسٹرو ٹرف میدان میں ہاکی کھیلنے کے لئے بچھائی گئی تھی لیکن وہاں ڈوگ شو ہوتا رہا اور موٹر سائیکلیں چلتی رہیں لیکن انہیں کوئی روکنے والا نہیں۔ دوسری جانب سیکرٹری اسپورٹس محمد راشد نے محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے ہاکی اسٹیڈیم میں ڈوگ شو کرانے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ کروڑوں روپے کی ٹرف ہاکی کھیلنے کے لئے لگوائی گئی ہے ڈوگ شو کے لئے نہیں۔




پش اپس لگا کر پنجاب کے وزیر کو چیلنج کرنے والے وزیرکھیل سندھ محمدبخش خان مہر کے اپنے آبائی ضلع گھوٹکی میں کھیل کے میدانوں کا برا حال ہے جہاں کھیل کے میدان گندگی کے ڈھیروں اور تالابوں ميں بدل چکے ہیں۔ ڈہرکی اسٹیڈیم 2 سال سے بند پڑا ہے اور وہاں قبضہ مافیا کا راج ہے۔ رہی سہی کسر ٹاؤن انتظامیہ نے سیوریج کا پانی اسٹیڈیم میں چھوڑ کر پوری کردی ہے۔اس ساری صورتحال پر ڈہرکی ميں کھلاڑیوں نے محمد بخش خان مہر کے خلاف پش اپس لگا کر انوکھا احتجاج بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ سندھ کے نوجوان وزیرکھیل محمد بخش مہر نے حال ہی میں 50 پش اپس لگا کرپنجاب کے وزیرکھیل کو پش اپس لگانے کا چیلنج کیا تھا تاہم انہیں علم ہی نہیں کہ ان کے صوبے میں کھیلوں کے میدانوں کا کیا حال کیا جارہا ہے۔

Load Next Story