ڈیرہ غازی خان پی پی 240 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب غیر سرکاری نتیجہ

مسلم لیگ (ن) کے ممتاز بھٹو قیصرانی نے 31 ہزار 723 اور آزاد امیدوار خواجہ داؤد سلیمانی نے 21 ہزار 688 ووٹ حاصل کیے۔

الیکشن کمیشن کا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس، ریٹرننگ افسر کو شوکاز نوٹس جاری. فوٹو: فائل

KARACHI:
پی پی 240 کے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیداور ممتاز بھٹو قیصرانی نے 31 ہزار 723 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کرلی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈیرہ غازی خان پی پی 240 کے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیداور ممتاز بھٹو قیصرانی نے 31 ہزار 723 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کرلی ہے جب کہ آزاد امیدوار خواجہ داؤد سلیمانی نے 21 ہزار 688 ووٹ حاصل کیے۔

پی پی 240 ڈیرہ غازی خان میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ پی پی 240 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 50 ہزار410 ہے جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 86 ہزار230 جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 64 ہزار180ہے۔ ووٹنگ کے لئے حلقے میں 128 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 25 کو انتہائی حساس اور 47 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔


الیکشن کمیشن نے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ اور دھاندلی کو روکنے کے لئے فوج کی نگرانی میں الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا تاہم اس کے باوجود پی پی 240 ڈیرہ غازی خان میں ووٹنگ کے عمل کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی دیکھنے میں آئی اور پولنگ اسٹیشن کے اندر لوگوں کو کھلے عام بیلٹ پیپر پر مہر لگاتے دیکھا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف پولنگ اسٹیشنز پر مقناطیسی سیاہی کی جگہ عام سیاسی استعمال ہونے کی شکایات بھی موصول ہوئیں۔

الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے پولنگ اسٹیشن میں موجود پریزائیڈنگ افسر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا اور ریٹرننگ افسر کو کھلے عام ووٹ ڈالنے والے افراد کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کرانے کا حکم دیا۔ اس کے علاوہ الیکشن کمیش نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ریٹرننگ افسر سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کا تقدس بحال رکھنا سب کی ذمے داری ہے۔

واضح رہے کہ پی پی 240 ڈیرہ غازی خان سے مسلم لیگ (ن) کی شمعونہ عنبرین کو الیکشن ٹریبونل نے اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دے دیا تھا۔
Load Next Story