ایم کیو ایم قائد کے پاکستان مخالف نعرے کے بعد متحدہ رہنماؤں کی پاکستان زندہ باد کی ٹوئٹ
کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ میں ایم کیو ایم کے قائد کی جانب سے تقریر کے دوران پاکستان مخالف بیانات دیئے گئے جس کے بعد ایم کیوایم کے کارکنان مشتعل ہوگئے اور انہوں نے کراچی میں نجی ٹی وی چینلز کے گھیراؤ کا اعلان کردیا جس کے بعد پولیس اور ایم کیوایم کارکنان میں شدید جھڑپیں ہوئی اور اس دوران فائرنگ سے 3 افراد کے زخمی ہونے اور گاڑیاں جلنے سے شہر کے حالات کشیدہ ہوگئے۔ ایم کیو ایم قائد کے پاکستان مخالف بیانات کے بعد رینجرز اور سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم کی پہلے درجہ کی قیادت کو حراست میں لے کر متحدہ قومی موومنٹ کے ہیڈکوارٹر نائن زیرو کو سیل کردیا۔
متحدہ قائد کے پاکستان مخالف بیان کے بعدایم کیو ایم کے متعدد رہنماؤں کی جانب سے اس کے برعکس سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر کا سہارا لیا اور پاکستان زندہ باد کے پیغامات کی ٹوئٹ کی۔
رشید گوڈیل نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ صرف اور صرف ایک پاکستان پریقین رکھتا ہوں اور پاکستان سے پہلے کچھ نہیں۔
ایم کیو ایم رہنما بابر غوری نے ٹوئٹ میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگا یا۔
ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے بھی اپنی ٹوئٹ میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اور کہا کہ ہم سب صرف پاکستان دیکھتے ہیں اور مادر وطن کا یہی مطلب ہے۔
ایم کیو ایم چھوڑنے کا اعلان کرنے والی رکن صوبائی اسمبلی ارم عظیم فاروقی نے ٹوئٹ میں کہا کہ وہ پاکستان مردہ باد کا نعرہ لگانے والوں کی مذمت کرتی ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر طاہر مشہدی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ مجھے پاکستان کی خدمت کرنے پر فخر ہے اور آئندہ بھی ملک کی خدمت کروں گا تاہم کسی کو بھی اس عظیم قوم کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔