جنوبی افریقی’’اسٹین‘‘ گن سے انگلش بیٹنگ تباہ

پیسر نے 5 پلیئرز کو میدان بدر کر کے میزبان ٹیم کی اننگز240 رنز پر ختم کرا دی

پیسر نے 5 پلیئرز کو میدان بدر کر کے میزبان ٹیم کی اننگز240 رنز پر ختم کرا دی (فوٹو ایکسپریس)

اوول ٹیسٹ میں جنوبی افریقی ''اسٹین ''گن سے انگلش بیٹنگ تباہ ہو گئی، پیسر نے 5 پلیئرز کو میدان بدر کر کے میزبان ٹیم کی دوسری اننگز240 رنز پر ختم کرا دی، اسپنر عمران طاہر نے تین وکٹیں لیں،اننگز اور 12رنز کی فتح نے مہمان سائیڈ کو تین میچز کی سیریزمیں 1-0 کی سبقت دلا دی، پروٹیز کیلیے پہلی ٹرپل سنچری داغنے والے ہاشم آملا کو مین آف دی میچ قراردیاگیا

۔تفصیلات کے مطابق252 رنز کے خسارے میں جانے والی انگلش ٹیم بھرپور کوشش کے باوجود پانچویں اور اختتامی دن 97اوورز میں240 رنز بناکرآئوٹ ہوگئی، ای ین بیل نے بوپارا کے ہمراہ پانچویں وکٹ کیلیے 50رنزکی شراکت بنائی، اس میں بوپارا کا حصہ 22رنز رہا، انھیں اسٹین نے بولڈ کیا، بیل نے پرائر کے ہمراہ چھٹی وکٹ کیلیے 86رنز جوڑ کرمہمان بولرز کے سامنے مزاحمت جاری رکھی، ڈیل اسٹین کی طوفانی اور پاکستانی نژاد اسپنر عمران طاہر کی پُرفریب بولنگ کے سامنے ان کی تمام کاوشیں رائیگاں گئیں،


اسٹین نے 21 اوورز میں 56رنز دیکر5 وکٹیں اپنے نام کیں،عمران نے 63رنز کے عوض3 وکٹوں کا سودا کیا، ای ین بیل 55 اور وکٹ کیپر بیٹسمین میٹ پرائر40 رنزبنانے میں کامیاب ہوئے، بیل کو دو مواقع ملے،آخرکارکیلس نے سلپ میں ان کا کیچ تھاما،اسٹورٹ براڈ کھاتے کھولے بغیر پویلین واپس ہوئے، اسٹین کی گیند پر فیلڈ امپائر اسد رئوف نے انھیں ابتدا میں ناٹ آئوٹ قرار دیا تاہم ٹی وی ری پلے سے ظاہر ہوا کہ گیند بیٹ کوچھوکر وکٹ کیپر کے گلووز میں پہنچی تھی،

اختتامی انگلش پلیئر جیمز اینڈرسن کو اسٹین کی گیند پر چانس ملا ، پال ڈومینی کیچ قابو نہیں کرپائے لیکن وہ4 رنز پر عمران طاہر کا نشانہ بن گئے، ٹم بریسنن نے20 رنز ناٹ آئوٹ اسکور کیے۔
Load Next Story