نمبر ون پوزیشن پر خوشیاں منانے کا سلسلہ جاری

مصباح الحق کو شائقین کا خراج تحسین، ملک میں کرکٹ کی واپسی کا مطالبہ

اعزاز نئے سفر کا نقطہ آغازہے، ون ڈے کرکٹ میں بہتری کی ضرورت ہوگی،آرتھر فوٹو : اے ایف پی/فائل

ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر خوشیاں منانے کا سلسلہ جاری ہے، سوشل میڈیا پر مصباح الحق کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے، کوچ مکی آرتھر سمجھتے ہیں کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، انھوں نے کہاکہ توجہ اب ایک روزہ فارمیٹ میں بہتری پرمرکوز ہوچکی۔


تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ رینکنگ میںپاکستان کی جانب سے نمبرون پوزیشن پر شائقین کی جانب سے خوشیاں منانے کا سلسلہ جاری ہے، خاص طور پر سوشل میڈیا پر مصباح الحق کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے،ٹیم کی خراب کارکردگی پر خامیوں کی نشاندہی کرنے والے سابق کھلاڑی جہاں خوشی سے پھولے نہیں سما رہے وہیں ہیڈ کوچ مکی آرتھر اس اعزاز کو پاکستان کرکٹ کے نئے سفر کا نقطہ آغاز قراردیتے ہیں، انھوں نے کہاکہ یہ شاندارکامیابی ہے،بہت سے لوگ کریڈٹ کے مستحق ہیں مگر سب سے زیادہ کریڈٹ خود کرکٹرز کو جاتا ہے۔

جنھوں نے بہت زیادہ محنت کی اور غیرمعمولی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، انھوں نے کہا کہ میں کافی خوش قسمت کوچ ہوں کہ اس موقع پر ٹیم کے ساتھ ہوں مگر دوسروں نے بھی اس سے قبل اچھا کام کیا، لوگ کہہ سکتے ہیں کہ نمبرون ٹیم بننا آسان اور پوزیشن کو برقرار رکھنا مشکل ہوتا ہے، اس لیے ہمیں کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھنے اور ون ڈے میں بھی خود کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔دوسری جانب ملک میں سیاسی گرما گرمی کے باوجود کھیل میں دلچسپی رکھنے والوں کی جانب سے پاکستانی ٹیم کی اس عظیم کامیابی کو سراہا جا رہا ہے، شائقین کرکٹ کی ملک میںبحالی کے بھی خواہاں ہیں، ایک فین کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیںلاسکے مگر نمبرون رینکنگ حاصل کرلی،اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اپنے ہوم گراؤنڈز پرمیچزکے مستحق ہیں۔
Load Next Story