قومی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کے دوران یونس خان کا ڈوپ ٹیسٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ سیمپلز ملائیشیا بھیجے گا، ایک ہفتے میں رپورٹ ملنے کا امکان

کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن کے دوران 10 سے 12 کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ لینے کا پلان بنایا ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ کا سلسلہ شروع ہو گیا، یونس خان نے سب سے پہلا پلیئر بن کر تاریخ میں نام درج کرا لیا،سیمپلز ملائیشیا بھیجے جائینگے جہاں سے ایک ہفتے میں نتیجہ موصول ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے گذشتہ دنوں ڈومیسٹک اینٹی ڈوپنگ کوڈ اپنانے کا اعلان کیا تھا، قومی ٹوئنٹی20 ٹورنامنٹ کے میچز گذشتہ کئی روز سے جاری ہیں تاہم بدھ کو پہلا ٹیسٹ لیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل سی سی اے گرائونڈ لاہور میںکراچی زیبراز کیخلاف میچ سے قبل ایبٹ آباد فالکنز کے کپتان یونس خان کا ڈوپنگ ایجنسی کے نمائندوں نے سیمپل لیا، رینڈم ٹیسٹ کیلیے تمام پلیئرزکے ناموں کی پرچیاں نکالی گئی تھیں جس میں یونس کا نام آیا، اب سیمپلز کو ملائیشیا کی لیبارٹری میں بھیجا جائیگا۔




وہاں سے ایک ہفتے میں نتائج موصول ہوں گے، کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن کے دوران 10 سے 12 کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ لینے کا پلان بنایا ہے، حالیہ ایونٹ کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا، اس سے پلیئرز محتاط رہیں گے اور ملک کو ماضی میں شعیب اختر اور محمد آصف کیس کی طرح بدنامی کا سامنا نہیں کرنا پڑیگا۔

یاد رہے گذشتہ عرصے پاکستانی اسپنر عبدالرحمان انگلش کائونٹی سیزن کے دوران مثبت ڈوپ ٹیسٹ کا شکار ہوئے تھے، نشہ آور چیز استعمال کرنے پر عائدشدہ تین ماہ کی پابندی21 دسمبر کی شب ختم ہو گی، اس کے اگلے روز قومی ٹیم کو بھارت روانہ ہونا ہے، اس ٹور کیلیے عبدالرحمان کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا کوئی امکان نہیں، چونکہ وہ کرکٹ سے دور ہیں اس لیے بورڈ انھیں براہ راست انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس لانے کا خطرہ نہیں مول لینا چاہتا، البتہ دورئہ جنوبی افریقہ کیلیے نام پر غور ہو سکتا ہے۔
Load Next Story