ٹیسٹ سیریز سری لنکا کو زخمی آسٹریلوی شیروں کا چیلنج درپیش

مہمان ٹیم آج چیئرمین الیون کے خلاف سہ روزہ پریکٹس میچ سے ٹور کا آغاز کرے گی

اس سیریز سے قبل آسٹریلیا کو پروٹیز کے ہاتھوں تین ٹیسٹ کی سیریز میں 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ فوٹو : فائل

سری لنکا کو ٹیسٹ سیریز میں زخمی آسٹریلوی شیروں کے سامنے کا چیلنج درپیش ہوگا،مہمان ٹیم جمعرات کو کرکٹ آسٹریلیا چیئرمین الیون کے خلاف سہ روزہ پریکٹس میچ سے ٹور کا آغاز کرے گی۔

کپتان مہیلا جے وردنے نے واضح کیا کہ ہم ہر صورتحال سے نمٹنے کیلیے پوری طرح تیار ہیں۔ آئی لینڈرز تین ٹیسٹ کی سیریز کیلیے آسٹریلیا آئے اور اس بات سے پوری طرح آگاہ ہیں کہ زخم خوردہ کینگروز جنوبی افریقہ سے شکست کا غصہ ان پر نکالنے کو بے تاب ہوں گے۔




آسٹریلیا کو پروٹیز کے ہاتھوں تین ٹیسٹ کی سیریز میں 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اپنے سابق کپتان رکی پونٹنگ کی خدمات سے بھی ہاتھ دھونے پڑے جنھوں نے ناقص کارکردگی کی بنا پر ریٹائرمنٹ میں ہی عافیت جانی۔ جے وردنے کا کہنا ہے کہ میں آسٹریلوی ٹیم کو زخمی فوجیوں کے ایک دستے کی طرح دیکھ رہا ہوں جو ہم پر پوری شدت سے حملہ آور ہوسکتے ہیں۔

جنوبی افریقہ سے آخری ٹیسٹ کے بعد ان کا غم و غصہ مزید بڑھ گیا،اس لیے ہمیں ان کے حملے سے نمٹنے کیلیے پوری طرح تیار رہنا ہوگا۔ کپتان نے اپنے آئوٹ آف فارم سینئر ساتھی کمارسنگاکارا کے بارے میں کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ان کا ناکام رہنا ایک طرح سے اچھا ہی ہوا ان کی رنز کیلیے بھوک مزید بڑھ چکی جو وہ یہاں آسٹریلیا میں مٹائیں گے، انھوں نے مزید کہا کہ اس ٹور کے بعد میں بطور کپتان اپنے مستقبل کا جائزہ لوں گا۔
Load Next Story