لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب

شدید بارش کے باعث لاہور کی سڑکوں اور انڈر پاسز ندی نالوں میں تبدیل، فلائٹ آپریشن بھی متاثر

بارش کا سلسلہ آئندہ 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو: ایکسپریس

پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جب کہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور اور گردو نواح میں آج صبح ہونے والی موسلا دھار بارش نے صوبائی دارالحکومت کا حلیہ ہی بگاڑ کر رکھ دیا ہے، اچھرہ، شادمان، مسلم ٹاؤن، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، ہربنس پورہ، گڑھی شاہو، پنجاب یونی ورسٹی، رائے ونڈ روڈ، چائنا اسکیم، شاد باغ، ڈیوس روڈ، کینال روڈ، فیروزپور روڈ، مصری شاہ روڈ، موریہ پل اور اعظم ٹاؤن میں سڑکیں اور انڈر پاسز ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں جب کہ کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: لاہورسمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش، نظام زندگی درہم برہم


تیز بارش کے باعث سڑکوں پر پانی ہونے سے شدید ٹریفک جام ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کی وجہ سے بچوں کو اسکول جانے اور شہریوں کو دفاتر جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے باعث شہر کے 120 فیڈر ٹرپ کرنے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔ بارش کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

لاہور کے علاوہ منگلا، منڈی بہاؤ الدین، راولپنڈی، جوہر آباد، پنڈی بھٹیاں اور آزاد کشمیر میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج 111 ملی لیٹر دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ آئندہ 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بھی شدید بارش کے باعث لاہور کے نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ تک پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا تھا۔

Load Next Story