نیوکلیئرسپلائرزگروپ میں شمولیت کے لئے پاکستان کی امریکا سے حمایت کی درخواست

نیو کلیئر سپلائرز گروپ میں پاکستانی رکنیت کا فیصلہ بین الاقوامی سلامتی کے فروغ کے لئے درست ثابت ہوگا، پاکستانی سفیر

پاکستان بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ایٹمی ہتھیاروں کے پھیلاؤ اور ان کی فراہمی سے متعلق عالمی برادری کے خدشات سے مکمل اتفاق کرتا ہے، جلیل عباس: فوٹو :فائل

لاہور:
پاکستان نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی) میں رکنیت کے لئے امریکا سے حمایت کی درخواست کی ہے۔


سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے وائٹ ہاؤس، محکمہ خارجہ اور کانگریس کے اہم اراکین سے ملاقاتیں کی جس میں انھوں نے این ایس جی میں شمولیت کے حوالے سے پاکستان کی حمایت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں پاکستان کی شمولیت سے عالمی سیکیورٹی کو تقویت ملے گی۔

جلیل عباس جیلانی نے امریکی حکام کو ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے حوالے پاکستانی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ایٹمی ہتھیاروں کے پھیلاؤ اور ان کی فراہمی سے متعلق عالمی برادری کے خدشات سے مکمل اتفاق کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نیو کلیئر سپلائرز گروپ میں پاکستانی رکنیت کا فیصلہ بین الاقوامی سلامتی کے فروغ کے لئے درست ثابت ہوگا جب کہ ایٹمی ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے ہونے والے معاہدے مضبوط ہوں گے۔ این ایس جی میں شمولیت سے پاکستان کی ایٹمی ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔
Load Next Story