فلمسازوں نے زیرتکمیل فلمیں چھوڑ کر نئی شروع کردیں

 حسن عسکری نے ’’داستان‘‘ اور ’’بیڈ بوائز‘‘ادھوری چھوڑ کر’’رسمیں‘‘ بنانے کا اعلان کرد یا

الطاف حسین ،شاہد رانا کی ایک ایک اور نوید رضاکی 2فلمیں التوا کا شکار ہیں فوٹو: فائل

فلمساز اور ہدایتکار زیرتکمیل فلمیں چھوڑ کر نئے پروجیکٹس پر کام کرنے لگے۔ تفصیل کے مطابق فلم انڈسٹری کے بہت سے ہدایتکار اور فلمسازوں کی فلمیں ایک عرصہ سے التواء کا شکار چلی آرہی ہیں جنھیں مکمل کرنے کی بجائے نئی فلمیں شروع کرنے کے اعلانات کر رہے ہیں۔ فلم انڈسٹری کے معروف ہدایتکار حسن عسکری کی دوفلمیں ''داستان'' اور ''بیڈ بوائز'' زیرتکمیل ہیں۔

ان میں سے ''داستان'' کو شروع ہوئے دو سال سے زائد کاعرصہ ہوچلا ہے جس کو اردو اور پشتو زبان میں بیک وقت نمائش کرنے کا اعلان کیا گیا تھاجب کہ ''بیڈ بوائز'' نئی کاسٹ کے ساتھ پچھلے سال شروع کی گئی مگراس کا بھی کیمرہ کلوز نہیں ہوسکا۔اب انھوں نے نئی فلم ''رسمیں'' بنانے کا اعلان کرد یا ہے۔


ہدایتکار الطاف حسین نے بھی کچھ عرصہ قبل ماضی کی معروف اداکارہ عالیہ بیگم کو ''مرشد ماں'' کے مرکزی کردار میں لے کر فلم شروع کی مگر یہ بھی سیٹ کی زینت نہ بن سکی ۔ہدایتکار شاہد رانا نے ''لال بادشاہ'' جس میں اداکار شان مرکزی کردار کر رہے ہیں یہ بھی کئی سالوں سے مکمل نہیں ہوسکی ان دنوں ناصرادیب سے اپنی دو نئی فلموں کے اسکرپٹ لکھوا رہے ہیں۔ہدایتکار یونس ملک مرحوم نے بھی''پتر شیرخان دا'' اور ''پتر مولے جٹ دا'' بنانے کا اعلانات کیے تھے۔

ہدایتکار نوید رضاکی پنجابی فلم ''کھیڈ مقدراں دی'' اور ''بجلی'' کئی سالوں سے زیرالتواء ہیں اب انھوں نے نئی پنجابی فلم ''وڈا خاندان'' کا اعلان کردیا ہے ۔سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری جس کو دوبارہ سے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں اس طرح کے نان پروفیشنل رویے کی باعث ان کی جدوجہد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
Load Next Story