پاناما لیکس کی تحقیقات تحریک انصاف کی درخواست پر اعتراضات کے خلاف اپیل دائر

رجسٹرار کی جانب سے درخواست کو غیر سنجیدہ قرار دینا نا تجربہ کاری اور تضحیک ہے، درخواست میں موقف

پاناما لیکس لیکس میں شامل تمام افراد کے خلاف تحقیقات چاہتے ہیں ،حامد خان ۔فوٹو: فائل

QUETTA:
پاکستان تحریک انصاف نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے درخواست پر رجسٹرار کے اعتراضات کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے سپریم کورٹ میں کی گئی اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاناما لیکس کا معاملہ انتہائی اہم اور عوام کے بنیادی حقوق کا ہے، یہ درخواست سپریم کورٹ کے 3 وکلا کے تجربے کا نچوڑ ہے، درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کا قانونی جواز نہیں، رجسٹرار کی جانب سے درخواست کو غیر سنجیدہ قرار دینا نا تجربہ کاری اور تضحیک ہے، درخواست پر رجسٹرار کے اعتراضات کو کالعدم قرار دیا جائے اور اسے سماعت کے لیے مقرر اور فیصلہ کیا جائے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے تحریک انصاف کی درخواست


تحریک انصاف کے رہنما حامد خان نے درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے نہ کبھی عدالتوں پر الزام لگایا اور نہ ہی معافی مانگی، تحریک انصاف عدالت سے لڑائی نہیں کرے گی ، ہم پاناما لیکس میں شامل تمام افراد کے خلاف تحقیقات چاہتے ہیں۔ سپریم کورٹ اس سے کم حجم کے اسکینڈلز پرازخود کارروائی کرچکی ہے، رجسٹرار کی جانب سے درخواست پر لگائے گئے اعتراضات عدالتی فیصلوں کے خلاف ہیں۔ رجسٹرار کسی درخواست کو غیرسنجیدہ یاناقابل سماعت قرار نہیں دے سکتا، رجسٹرار نے خود کو جج کی حیثیت دی جو وہ نہیں کرسکتا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پاناما لیکس پر وزیراعظم کے بچوں کو نوٹس

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے چند روز قبل پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی تاہم رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی تھی۔

Load Next Story