عوام پاکستانی فلم کی سپورٹ کیلیے سنیما گھروں کا رخ کریں ثنا

لوگوں کے فلم دیکھنے کیلیے سینماگھر آئے بغیر فلم انڈسٹری کوانٹرنیشنل مارکیٹ تک پہنچانے کاخواب دیکھنا بے معنی ہے

 نوجوان فلم میکرز اچھا کام کررہے ہیں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ فلم کی کہانی، میوزک اوررقص پر توجہ دیناضروری ہے فوٹو : فائل

فلم اسٹارثنا نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستانی فلموں کی سپورٹ کے لیے عوام کوسینماگھروں کا رخ کرنا چاہیے۔ اچھی اورمعیاری فلموں کوجب تک لوگ دیکھنے کے لیے سینما گھروں کا رخ نہیں کرتے، اس وقت تک پاکستانی فلم اور سینما انڈسٹری کوانٹرنیشنل مارکیٹ تک پہنچانے کے خواب دیکھنا بے معنی ہیں۔


ان خیالات کااظہارانھوں نے ''ایکسپریس''سے بات کرتے ہوئے کیا، اداکارہ ثنا نے کہا کہ پاکستان میں جدیدٹیکنالوجی سے بنائے گئے سینماگھرہرلحاظ سے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک جیسے ہی ہیں۔ دوسری جانب اگرجدید ٹیکنالوجی سے بننے والی فلموں کی بات کی جائے تو یقیناً نوجوان فلم میکرز منفرد اوراچھا کام کررہے ہیں اوراس کا رسپانس بھی سامنے آرہا ہے لیکن ابھی تک وہ بات بنتی دکھائی نہیں دیتی جوکامیاب فلمی دنیا کی ہوتی ہیں۔ اس وقت فلم بنانے کے لیے جدید کیمرے اوردیگرتکنیکی سامان استعمال کیا جا رہا ہے، مگرفلم کی کہانی، میوزک اوررقص سمیت دیگر ضروری چیزوں پرتوجہ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ اس وقت پاکستانی فلم میکرز کے پاس وہ سنہری موقع ہے ، جس کوکیش کرنا اب ان کی صلاحیتوں کا امتحان بھی ہے۔ ایک طرف توپاکستان میں فلمسازی اس طرح سے نہیں ہورہی ، جس طرح ماضی میں ہوتی تھی اورہرہفتے کئی فلمیں سینماگھروںکی زینت بنتی تھیں، جس کی وجہ سے بہترکاروبار نہ ہونے کا خدشہ رہتا تھا جب کہ آج توقومی اور مذہبی تہواروں پرہی زیادہ فلمیںنمائش کے لیے پیش کی جاتی ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ فلم بینوںکو سینماگھروں تک آنے پرمجبور کرنے کے لیے ایسی فیملی اورینٹڈ فلمیں بنائی جائیں، جوہرلحاظ سے معیاری ہوں اوران کو دیکھ کرفلم بین دوبارہ بھی سینما کا رخ کریں۔

انکا کہنا تھا کہ اگرایسا نہ کیا گیا توپھرپاکستانی سینما گھروں میں بالی وڈاسٹارز کی فلموںکا راج رہے گا اورہمارے فلم میکر سینما گھر کی عدم دستیابی اور اسی طرح کے دوسرے بہانے بناکر ٹال مٹول کرتے رہیں گے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی سے پہلے اپنے ملک کی مارکیٹ پرحکمرانی کریں، لوگوںکواچھی فلمیں دکھائیں اوراس کے بعدیہاں سے ملنے والے رسپانس کے بعد انٹرنیشنل مارکیٹ والے خود ہماری فلمیں خریدیں گے اورہمارے فنکاروںکو عزت ووقار دینگے، جس کے وہ حقدار ہونگے۔
Load Next Story