عمران خان چہرے پر معصومیت سجا کر اداکاری کرتے ہیں سعد رفیق

عمران خان ثبوت کے بغیر باتیں کرتے ہیں انہوں نے آج تک کسی الزام کا ثبوت نہیں دیا،وزیر ریلوے

اپوزیشن کومزاکرات کی دعوت دیتے ہیں، سڑکوں کو بند کرنے اور گھروں پر حملے کرنے سے مسائل کا حل نہیں نکلتا، سعد رفیق : فوٹو : فائل

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان چہرے پر معصومیت سجا کر اداکاری کرتے ہیں انہوں نے آج تک کسی الزام کا ثبوت نہیں دیا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان ثبوت کے بغیر باتیں کرتے ہیں، انہوں نے آج تک کسی الزام کا ثبوت نہیں دیا، وہ چہرے پہ معصومیت سجاکر اداکاری کرتے ہیں، کرکٹ کھیلتے ہوئے سیاست میں آنے والے کو سنجیدگی کا کیا پتہ۔ اس وقت ملک کے اقتصادی اشاریئے بلند ہیں لیکن کالے شیشوں والی عینک سے عمران خان کو کچھ نظر نہیں آتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے کافی عرصے سے آف شور کمپنیوں اور پانامالیکس کو موضوع بنارکھا تھا لیکن پھر انکشاف ہوا کہ عمران خان تو آف شور کمپنیوں کے بانی ہیں، کیوں کہ ان کی اپنی آف شور کمپنی نکل آئی، عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما نے بھی بے نامی جائیداد کا ذکر کیا تھا اب عدالت فیصلہ کرے گی کہ انہوں نے جائیداد کہاں سے لی، ان کی پارٹی کے رہنما جہانگیر ترین نے ایف بی آر کو 7 کروڑ 30 لاکھ روپے جرمانہ کیوں ادا کیا اور جب پاناما پیپرز پر تحقیقات کا کہا گیا تو اس پر بھی مخالفت کی گئی ججز کی توہین کی گئی۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ حکومت نے اتفاق رائے سے ٹی او آرز بنانے کی ہرممکن کوشش کی لیکن اپوزیشن کے ایک وکیل اور تحریک انصاف آڑے آگئی، یہ وہ لوگ ہیں جن کا ایجنڈا ہے کہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کو نہ چلنے دیا جائے۔ اپوزیشن نے جو ٹی او آرز منتخب کئے تھے ان کا کام صرف وزیراعظم کو نشانہ بنانا اور بدنام کرنا تھا لیکن جو حکومت نے ٹی او آرز بنائے ان کے تحت کوئی بھی بچ نہیں پائے گا۔ سپریم کورٹ نے بھی حکومتی ٹی او آرز کو مسترد نہیں کیا۔


سعد رفیق کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں ہمیں انصاف نہیں ملا اور 2013 کے عام انتخابات میں دھاندلی کی گئی بتایا جائے کہ 4 حلقوں میں دھاندلی کا انکشاف کیوں نہیں ہوا، سوا لاکھ ووٹ لینے کے بعد بھی ہم عدالتوں میں خوار ہورہے ہیں انصاف تو ہمیں نہیں ملا یہ ہماری جمہوریت کے لئے قربانی ہی تھی ۔ ہم نے وزیر اعظم کو کہا تھا کہ دھاندلی کے کھوکھلے اور جھوٹے نعروں پر دھیان نہ دیں لیکن نوازشریف نے کہا نہیں ہم دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کرائیں گے۔

خواجہ سعدرفیق کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز شہر قائد کی سڑکوں کو 6 گھنٹے تک بند رکھ کر شہریوں کو یرغمال بنایا گیا، سڑکوں کو بند کرنے اور گھروں پر حملے کرنے سے مسائل کا حل نہیں نکلتا، ہم بات چیت کے لئے تیار ہیں ہمیں جہاں بلایا جائے گا ہم آئیں گے لیکن مزاکرات میں ان لوگوں کو شامل کیا جائے جو نظام بدلنا چاہتے ہیں نظام سے بدلہ لینے والے قابل قبول نہیں۔

اسمبلی سے واک آؤٹ کرنے پر سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کل تک پیپلزپارٹی بھی عمران خان کا نشانہ تھی اور آج سب ایک ساتھ واک آؤٹ کررہے ہیں، عمران خان کل پھر پیپلزپارٹی کو گالیاں دیں گے کیونکہ ان کی فطرت میں ہی یہی کچھ ہے۔

Load Next Story