ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والوں سے حساب لیا جائے گا وزیراعظم

دنیا ہماری ترقی کا اعتراف کر رہی ہے اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی 10بہترین مارکیٹوں میں شمار کی جارہی ہے،نوازشریف

دنیا ہماری ترقی کا اعتراف کر رہی ہے اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی 10بہترین مارکیٹوں میں شمار کی جارہی ہے،نوازشریف، فوٹو؛ پی آئی ڈی

وزیراعظم نواز شریف نے ایک بار پھر 2018 میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والوں سے حساب لیا جائے گا۔



پاکستان اسٹاک ایکس چینج کراچی میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج ہماری معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان بہت تیزی سے ترقی کر رہا ہے، دنیا ہماری معاشی ترقی کا اعتراف کر رہی ہے اور پاکستان اسٹاک ایکس چینج دنیا کی 10 بہترین مارکیٹوں میں شمار کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 1972 میں قومی ادارے قومیانے کی پالیسی سے ملکی معیشنت تباہ ہو کر رہ گئی لیکن 1991 میں نج کاری کی پالیسی اختیار کر کے دوبارہ ملکی معیشت اور اداروں کو ٹھیک کرنے کی کوشش شروع کی تو بہت سے لوگوں نے ایسا کرنے سے منع کیا، لوگوں کے منع کرنے کے باوجود اللہ کا نام لے کر اداروں کی نج کاری کرنے کی پالیسی اپنائی اور آج ملکی معیشت بہتر سمت کی جانب گامزن ہے، ملکی زر مبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں جب کہ ٹیکس ریوینیو میں بھی 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: مخالفین کو پنجاب میں بھی جواب ملا اور کراچی کے عوام نے بھی دیدیا، وزیراعظم




وزیراعظم نواز شریف نے ایک بار پھر 2018 میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلا ان سے حساب لیا جائے گا، عوام کو پوچھنا چاہیئے کہ ان لوگوں نے ملک کو اندھیروں میں کیوں دھکیلا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی نظریں صرف بجلی بنانے پر نہیں بلکہ وافر مقدار میں بجلی کی فراہمی اور سستی بجلی پیدا کرنے پر بھی کام کر رہی ہے، آج ملک کے چپے چپے میں بجلی کے کارخانے لگ رہے ہیں، ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے ساتھ دیگر اداروں کی بہتری کے لئے بھی کام کر رہے ہیں،



وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ریلوے کا ڈھانچہ مضبوط کر رہی ہے اور پی آئی اے کی بہتری پر بھی کام ہو رہا ہے، برآمدات بڑھانے کے لئے کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے حیدر آباد موٹر وے اگلے سال مکمل ہو جائے گی جب کہ حیدرآباد سے سکھر تک موٹر وے کا سنگ بنیاد بھی جلد رکھ دیا جائے گا، کراچی سے پشاور اور پھر یہی موٹر وے خنجراب تک جائے گی۔ اس کے علاوہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے ساتھ گیس کی قلت بھی ختم ہو جائے گی۔

Load Next Story