بلائنڈ کرکٹ پاکستان نے بھارت کو چاروں شانے چت کردیا

ورلڈکپ میں مسلسل چوتھی کامیابی، محمد اکرم نے 92 رنز کی شاندار اننگز کھیلی

گرین شرٹس نے 251 رنز کا ہدف 18.5 اوورز میں صرف 2 وکٹ پر پورا کرلیا۔ فوٹو: فائل

پہلے بلائنڈ ٹوئنٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو بھی چاروں شانے چت کرتے ہوئے 8 وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔

ایونٹ میں یہ گرین شرٹس کی مسلسل پانچویں فتح ہے،اس سے پہلے انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیزاور آسٹریلیا کی ٹیمیں بھی اس کا شکار بنیں، ویسٹ انڈیز کے خلاف 266 رنز بنا کر بہترین انفرادی اننگز کا عالمی ریکارڈبنانے والے محمد اکرم کے بیٹ نے بھارت کے خلاف بھی خوب رنز اگلے۔

انھوں نے 92 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح کو آسان بنایا۔ بنگلور، بھارت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ادیتہ گلوبل اسپورٹس گرائونڈ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔




بھارتی بیٹسمینوں نے ہوم گرائونڈ اور کرائوڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، جے پرکاش نے دلکش اسٹروکس کھیل کرگرائونڈ میں موجود شائقین سے بھر پور داد وصول کی، انھوں نے126رنز ناٹ آئوٹ بنائے، کیتن پٹیل نے72 کی اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعی اسکور کو250 رنز تک پہنچایا۔

اسٹیڈیم میں موجود شائقین اور مبصرین کا خیال تھا کہ پاکستانی ٹیم اس ہدف کو حاصل کرنے میں کامیاب نہیں رہے گی، تاہم ماضی کی طرح بیٹسمینوں نے اس بار بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، گرین شرٹس نے ہدف18.5 اوورز میں صرف2 وکٹ پر پورا کر لیا، محمد اکرم نے92 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، محمد اشفاق نے ناقابل شکست90 رنز بنائے۔ ایونٹ میں ہفتے کو پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کیخلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔

Recommended Stories

Load Next Story