ایشین ٹینس ایونٹ میں عدم شرکت پر عقیل خان مایوس

فیڈریشن نے تاخیر سے ویزوں کیلیے درخواست دی اس لیے تھائی لینڈ نہ جاسکا، پاکستانی اسٹار

1 لاکھ 25 ہزار ڈالرز مالیت کی اس چیمپئن شپ میں شرکت سے اچھی انعامی رقم کے ساتھ تھائی لینڈ اوپن ٹینس چیمپئن شپ کے لیے وائلڈ کارڈ بھی مل جاتا، عقیل خان فوٹو: فائل

پاکستان کے نمبرون پلیئر عقیل خان نے بنکاک میں ہونے والی ایشین ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کا نادر موقع گنوانے پر خاصے مایوس ہیں۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 3 سے 8 دسمبر تک ہونے والی چیمپئن شپ کا دعوت نامہ پاکستان ٹینس فیڈریشن کو دو ماہ قبل موصول ہوگیا تھا، تاہم آغاز سے محض دو روز قبل ویزوں کے لیے تھائی لینڈ کے سفارت خانے سے رجوع کیا جس نے تاخیر کا عذر بتاکر ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا۔




عقیل خان کے مطابق 1 لاکھ 25 ہزار ڈالرز مالیت کی اس چیمپئن شپ میں شرکت سے اچھی انعامی رقم کے ساتھ تھائی لینڈ اوپن ٹینس چیمپئن شپ کے لیے وائلڈ کارڈ بھی مل جاتا، فیڈریشن کی سستی اور غفلت کے باعث وہ اور پنجاب کے کھلاڑی احمد چوہدری چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم ہو گئے۔

دریں اثنا پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سید کلیم امام سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ نقطہ نظر جاننے کے لیے بار بار کوشش کے باوجود اعزازی سیکریٹری ممتاز یوسف نے موبائل کال وصول کی نہ ہی اس حوالے سے بھیجے گئے ٹیکسٹ میسج کا جواب دیا۔علاوہ ازیں صبح نو کی چیئر پرسن شاہدہ فاروق نے ایک بیان میں مطالبہ کیا کہ غفلت، لاپرواہی اور فرائض وذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکامی پر فیڈریشن کے سیکریٹری سے استعفٰی لیا جائے۔
Load Next Story